Get Alerts

'نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے اللہ تعالٰی کے حساب کتاب کا نشانہ بنے'

'نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے اللہ تعالٰی کے حساب کتاب کا نشانہ بنے'
مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے تمام کردار اپنے اپنے انجام کو پہنچ گئے۔ نواز شریف یا مریم نواز نے ان سے انتقام نہیں لیا۔ یہ لوگ اللہ تعالٰی کے حساب کتاب کا نشانہ بنے ہیں۔

ن لیگ کی چیف آرگنائزر صدر مریم نواز نے لاہور ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کے محبوب قائد جلد واپس آجائیں گے۔نواز شریف نے ملک کو بار بار مشکلات سے نکالا۔ تین بار عوام نے نواز شریف کو حکومت دی اور تینوں بار چھین لی گئی۔ دو بار ملک سے باہر نکال دیال یکن اللہ کا کرم ہے کہ آج بھی نواز شریف اس ملک کا سب سے بڑا لیڈر ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف جلد آپ کے درمیان ہوں گے۔نواز شریف کی قیادت میں یہ ملک ایک مرتبہ پھر ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا جیسے اس سے قبل نواز شریف حکومت میں ملک ترقی کر رہا تھا۔ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ملک کو مشکلات سے نکالا۔ جب تک قوم کی تقدیر نہیں بدل دیں گے آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔

مریم نواز  نے کہا کہ 28 جولائی 2017 پاکستان کے لئے بہت بڑا سانحہ تھا جس دن نواز شریف کو ایک اقامہ پر حکومت سے نکال دیا۔ وہ دن ہے اور آج کا دن ہے پاکستان کے حالات سنبھلنے میں ہی نہیں آرہے۔ نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے تمام کردار اپنے اپنے انجام کو پہنچ گئے۔ نواز شریف یا مریم نواز نے ان سے انتقام نہیں لیا۔ شہباز شریف نے ان سے انتقام نہیں لیا۔ یہ لوگ اللہ تعالٰی کے حساب کتاب کا نشانہ بنے ہیں۔

مریم نواز نے بھرپور استقبال پر ن لیگی کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔

اس سے قبل لاہور ائیر پورٹ میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ابھی میری تمام تر توجہ مسلم لیگ ن پر ہے۔ مسلم لیگ ن کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کرنا چاہتی ہوں۔

ان کا کہنا تھا نوجوانوں کو ن لیگ میں لانا چاہتی ہوں۔ پارٹی پہاڑ کی طرح ہے جو اس سے گرے گا وہ پتھر کی طرح ہو گا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کسی کی سزا پر خوش نہیں ہوں۔عمران خان نے سیاسی طور پر مخالفین کے ساتھ جو کیا اس کی سزا انہیں قانون فطرت سے ملے گی۔

شاہد خاقان اور مفتاح اسماعیل سے متعلق سوال پر مریم نواز کا کہنا تھا مفتاح اسماعیل سے متعلق گفتگو نہیں کرنا چاہتی جبکہ شاہد خاقان کی پارٹی اور نواز شریف سے وابستگی پر کوئی سوال نہیں اٹھا سکتا۔انہوں نے کہا تھا کہ میں ن لیگ کے ساتھ کھڑا ہوں۔ پارٹی چھوڑوں گا تو گھر جاؤں گا۔

نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق سوال پر مریم نواز کا کہنا تھا نواز شریف وطن واپسی کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس وقت نواز شریف کی واپسی کی حتمی تاریخ نہیں دے سکتی لیکن وہ بہت جلد پاکستان میں ہوں گے۔نواز شریف کی وطن واپسی کی حتمی تاریخ تب دی جا سکے گی جب واپسی کا ٹکٹ بک ہوگا۔