سیالکوٹ میں ایک کم عمر لڑکی کا گینگ ریپ، تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل

سیالکوٹ میں ایک کم عمر لڑکی کا گینگ ریپ، تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ کے گاؤں کوٹ انی سنگھ میں 3 مشتبہ افراد نے ایک کم عمر لڑکی کا 'گینگ ریپ' کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان، جن میں 2 نامزد ہیں، وہ 14 سالہ لڑکی کو اس کے گھر سے اٹھا کر اپنے گھر لے آئے جہاں اس کا گینگ ریپ کیا جبکہ کچھ راہ گیروں نے لڑکی کے رونے کی آواز سنی تو وہ وہاں جمع ہوگئے۔ تاہم اس موقع پر ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔

بعد ازاں لڑکی کو تشویشناک حالت میں ڈسکہ سول ہسپتال میں داخل کردیا گیا۔

لڑکی کے والد کی رپورٹ پر ڈسکہ صدر پولیس نے ملزمان کے خلاف کیس درج کرلیا۔ ساتھ ہی متاثرہ لڑکی کے اہلخانہ کی جانب سے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس افسر مستنصر فیروز کا کہنا تھا کہ ملزمان جلد گرفتار ہوں گے۔

دوسری جانب پنجاب کے ہی شہر گجرات میں 11 سالہ افغانی بچہ کو اغوا اور بدفعلی کے بعد بیدردی سے قتل کر دیا گیا۔

گجرات کے علاقے دولت نگر میں 11 سالہ ناز ولی کو چار روز قبل اغوا کیا گیا۔ پولیس کے مطابق بچے کی برہنہ لاش برساتی دواڑہ سے برآمد ہوئی۔

بچے ناز ولی کو اغوا کے بعد مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور قتل کر کے نالہ میں پھینک دیا گیا۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم علی رضا عرف جوجا گرفتار کر لیا۔ ملزم کے خلاف مقتول کے والد کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔