سیالکوٹ ضمنی انتخابات: ن کے امیدوار نے الیکشن کمیشن کو امن و امان کی خراب صورتحال پر خط لکھ دیا 

سیالکوٹ ضمنی انتخابات: ن کے امیدوار نے الیکشن کمیشن کو امن و امان کی خراب صورتحال پر خط لکھ دیا 
سیالکوٹ میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدوار طارق سبحانی نے آر او الیکشن کمیشن پی پی 38 سیالکوٹ کو امن و امان کی خراب صورتحال کے خدشہ پر خط لکھ دیا.

طارق سبحانی نے خط میں لکھا کہ ٹیپو ٹراکاں والا کا بیٹا بالاج ٹیپو 30 سے 40 گاڑیوں کے ہمراہ اسلحہ سمیت حلقے میں موجود ہے۔ بالاج ٹیپو پی پی 38 میں اسلحہ لہراتا ہوا حلقے میں خوف و ہراس پھیلا رہا ہے۔

طارق سبحانی نے مزید لکھا کہ بالاج ٹیپو کی بدمعاشی کسی ناخوشگوار واقعے کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے جس سے حلقے میں ٹرن آوٹ کم ہونے کا خدشہ ہے

۔طارق سبحانی نے آر او کے نام خط میں موقف اختیار کیا کہ بالاج ٹیپو اور اسکے ساتھیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ حلقہ میں پر امن ماحول کو برقرار رکھتے ہوئے لوگوں کو آزادانہ طور پر حق رائے دہی استعمال کرنے دیا جائے۔

خیال رہے کہ سیالکوٹ کے پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 38 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے دوران پی ٹی آئی اور نون لیگی کارکن آمنے سامنے آگئے۔ پولنگ اسٹیشن وارڈ 122 اور 123 پر پاکستان تحریکِ انصاف اور مسلم لیگ نون کے کارکنوں میں ہاتھا پائی ہوئی ہے۔ پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول میں رینجرز نے مشتعل کارکنان میں بیچ بچاؤ کرایا۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں اور رینجرز نے صورتِ حال پر قابو پا لیا اور پولنگ کا عمل بلا تعطل جاری ہے۔