جسم میں منشیات کی زیادہ مقدار سمگل کرنے والے مسافر کی دوران پرواز موت

کولمبیا کے شہر بگوٹا سے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو منشیات سمگلنگ کے لیے روانہ ہونے والا منشیات فروش راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق، متوفی معدے اور آنتوں میں کوکین کے 246 پیکٹ رکھ کر جا رہا تھا تاہم منشیات کی زیادتی کے باعث وہ درد سے کراہنے لگا جس کے باعث جہاز کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

میکسیکن ریاست سونورا کے پراسیکیوٹر آفس کا کہنا ہے، 42 سالہ شخص کی شناخت اس کے نام کے پہلے حرف ’’این‘‘  سے کی گئی ہے۔ فضائی عملے نے دیکھا کہ ایک شخص درد سے تڑپ رہا ہے جس کے باعث انہوں نے میکسیکو کے شہر ہرموسلو سونورا میں جہاز کی ہنگامی لینڈنگ کی درخواست کی۔



جہاز دو بج کر 25 منٹ پر لینڈ کیا لیکن اس وقت تک مذکورہ مسافر مر چکا تھا جس کے بعد اس کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سے یہ معلوم ہوا کہ متوفی نے کوکین کے 246 پیکٹ نگل رکھے تھے اور ہر پیکٹ کا سائز قریباً ڈھائی سنٹی میٹر تھا۔

پراسیکیوٹرز کے مطابق، منشیات کے استعمال کے باعث ’’این‘‘ کے دماغ میں سوجن ہو گئی تھی جو اس کی موت کی وجہ بنی۔

مسافر کو لے کر جانے والی پرواز ایئرو میکسیکو نے کہا ہے کہ جہاز میں 198 مسافر سوار تھے، چنانچہ بین الاقوامی پروٹوکول کے تحت لاش جہاز سے ہٹا کر پرواز دوبارہ منزل کی جانب روانہ کر دی گئی۔

یہ واضح کر دینا ضروری ہے کہ انسانی جسم میں منشیات سمگل کرنے کا طریقہ نیا نہیں ہے اور منشیات فروشوں میں یہ مقبول ترین ہے۔