ریڈیو پاکستان میں کرونا وائرس سے پہلی موت کی تصدیق، یو ایس او لوکل کونسل اسلام آباد کے صدر جناب محمد اشفاق کرونا وائرس سے لڑتے ہوئے انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کا شکار ریڈیو پاکستان کے ملازم یو ایس او لوکل کونسل اسلام آباد کے صدر جناب محمد اشفاق انتقال کر گئے ہیں۔ محمد اشفاق کرونا مرض میں مبتلا تھے اور گذشتہ چند دنوں سے گُردوں پر بیماری کے شدید اثر کی وجہ سے وینٹیلیٹر اور ڈائلیسیز پر ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں زیر علاج تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد دن بدن بڑھتی جارہی ہے اور آج بھی مزید نئے کیسز اور اموات کے بعد مجموعی طور پر ملک میں کیسز 62 ہزار 330 اور اموات 1276 تک پہنچ گئی ہیں۔
ملک میں اس وبا کو 3 ماہ سے زائد کا عرصہ گزرگیا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ وبا اپنے پھیلاؤ کو بڑھا رہی ہے۔ ابتدائی طور پر اس وبا کے درجنوں اور سیکڑوں کیسز آتے تھے تاہم اب یہ تعداد ہزار سے تجاوز کرگئی ہے اور یومیہ ہی ملک میں 3 ہندسوں میں کیسز سامنے آرہے ہیں۔
اگر ملک میں ان 3 ماہ کے کیسز کو ایک نظر میں دیکھیں تو 26 فروری سے 31 مارچ تک تقریباً 2 ہزار کیسز اور 26 اموات تھیں، جو اپریل میں بڑھ کر 31 اپریل تک ساڑھے 16 ہزار سے زائد کیسز اور 385 اموات تک پہنچ گئیں۔ تاہم مئی میں اس میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا اور یکم سے 27 مئی تک 43 ہزار سے زائد کیسز اور 850 سے زیادہ اموات کا اضافہ ہوا۔