پنجاب حکومت کا ناقص کارکردگی پر وزارتوں اور بیوروکریسی میں بڑی تبدیلیوں کا امکان

پنجاب حکومت کا ناقص کارکردگی پر وزارتوں اور بیوروکریسی میں بڑی تبدیلیوں کا امکان
پنجاب حکومت نے صوبے میں ناقص کارکردگی دکھانے والے وزرا اور اہم عہدوں پر تعینات بیوروکریٹس کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا، چار وزرا کو فارغ اور چھ کے قلمدان تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔

اے آر وائی نیوز سے حاصل معلومات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے صوبائی وزرا کی 20 ماہ کی کارکردگی پر مبنی رپورٹ وزیراعلی پنجاب کو پیش کی گئی، تین مرحلوں میں تقسیم شدہ کارکردگی رپورٹ میں دس صوبائی وزرا کو سی کیٹگری میں رکھا گیا ہے۔ سی کیٹگری میں آنے والے ان وزرا میں سے ایک خاتون سمیت چار کو ناقص کارکردگی پر وزارت سے الگ جبکہ چھ کے محکمے تبدیل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اس بار تبدیلی کی اس لہر میں وزرا کے ساتھ ساتھ بیوروکریٹس بھی آئیں گے، پنجاب میں 7 سیکرٹریز، 3 کمشنرز، 11 ڈپٹی کمشنرز، 7 ڈی پی اوز، 2 آر پی اوز کی تبدیلی کا بھی امکان ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو وزارتوں اور بیوروکریسی میں تبدیلیوں کی مکمل اجازت دے دی ہے۔