مختصر دورانیے کی ویڈیو شیئرنگ موبائل ایپلی کیشن ٹک ٹاک نے کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی مجموعی طور پر 10 کروڑ 50 لاکھ سے زائد ویڈیوز ڈیلیٹ کر دی ہیں۔
جمعرات کو ٹک ٹاک نے 2023 کی دوسری سہ ماہی اپریل سے جون تک غلط معلومات سے نمٹنے اور پلیٹ فارم کو محفوظ بنانے کے لیے کمیونٹی گائیڈلائنز کے نفاذ کی رپورٹ جاری کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ2023 کے دوران پاکستان میں کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے پر ایک کروڑ 41 لاکھ سے زائد ویڈیوز ڈیلیٹ کی گئیں۔ ٹک ٹاک سے ڈیلیٹ کی گئی ویڈیوز پلیٹ فارم پر موجود کل ویڈیوز کا سات فیصد ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک پر خودکار طریقے سے جعلی اکاؤنٹس میں اضافے کو روکنے کے لیے بھی احتیاطی اقدامات کیے گئے ہیں۔ ٹک ٹاک کے مطابق پاکستان میں خلاف ورزی کرنے والی 86.6 فیصد ویڈیوز کو ویوز ملنے سے قبل ہی ڈیلیٹ کر دیا گیا۔
ٹک ٹاک کا کہنا ہے کہ کمیونٹی گائیڈ لائنز کو تمام صارفین کے لیے ایک محفوظ، جامع اور مستند تجربے کو فروغ دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ ٹک ٹاک جدید ٹیکنالوجی سے خلاف ورزی کرنے والے کانٹینٹ کی نشاندہی کر سکے گا۔
واضح رہے کہ ٹک ٹاک کی کمیونٹی گائیڈ لائنز ایک ایسے تجربے کو فروغ دینے کے لیے تیار کی گئیں ہیں جو تحفظ، شمولیت اور مستند ہونے کو ترجیح دیتا ہے۔
ٹک ٹاک کی پالیسیاں ہر شخص پر اور تمام اقسام کے مواد پر لاگو ہوتی ہیں اور اپنے نفاذ کے حوالے سے مستقل اورمساوی طور پر نافذ رہنے کی کوشش کرتی ہیں۔
ٹک ٹاک پلیٹ فارم کی پالیسیوں کی خلاف ورزی کے مرتکب مواد کی شناخت کرنے، جائزہ لینے اور مناسب کارروائی کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور انسانوں کا یکساں استعمال کرتا ہے۔