پاکستان میں 12 سال کی عمر کے بچوں کی کورونا ویکسی نیشن کا فیصلہ

پاکستان میں 12 سال کی عمر کے بچوں کی کورونا ویکسی نیشن کا فیصلہ
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اجلاس میں 12 سال اور اس سے زیادہ عمر کے افراد کی ویکسی نیشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے بتایا کہ سکولوں میں ویکسی نیشن کے لیے خصوصی مہم چلائی جائے گی تاکہ بچوں کو ویکسین لگانا آسان ہو۔

خیال رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث پنجاب کے بعد سندھ میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ ملک بھر میں کورونا وائرس سے 41 اموات ہوئیں جن میں سے 15 اموات وینٹیلیٹرز پر موجود مریضوں کی تھیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری اعدادو شمارکے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1 ہزار 400 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے۔ ملک کے 4 بڑے شہروں میں وینٹیلیٹر پر مریضوں کے تناسب کے لحاظ سے بہاولپور میں 40 فیصد، لاہور میں 48 فیصد، ملتان میں 86 فیصد اور سرگودھا میں 48 فیصد مریض ہیں۔ اسی طرح سے ملک کے چار بڑے شہروں میں آکسیجن کی سہولیات والے بستروں پر کورونا کے مثبت کیسز کے تناسب کے لحاظ سے صوابی میں 52 فیصد، پشاور میں 44 فیصد، صوابی میں 52 فیصد اور سرگودھا میں 48 فیصد مریض ہیں۔

گزشتہ روز کووڈ کے 44 ہزار 116 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے سندھ میں 13 ہزار 625، پنجاب میں 14 ہزار 244، خیبرپختونخوا میں 9 ہزار 645، اسلام آباد میں 3 ہزار 929، بلوچستان میں 1 ہزار 307، گلگت بلتستان میں 450 اور آزاد کشمیر میں 916 ٹیسٹ کئے گئے۔

بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کورونا کا کوئی بھی مریض اس وقت وینٹیلیٹر پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں اس مرض کے لیے مختص وینٹیلیٹرز پر 469 مریض ہیں۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 لاکھ 41 ہزار 825 ہے جن میں سے آزاد کشمیر میں 34 ہزار 74، بلوچستان میں 32 ہزار 875, گلگت بلتستان میں 10 ہزار 308، اسلام آباد میں 1 لاکھ 5 ہزار 217، خیبر پختونخوا میں 1 لاکھ 73 ہزار 353،پنجاب میں 4 لاکھ 29 ہزار 655 اور سندھ میں 4 لاکھ 56 ہزار 343 مریض ہیں۔

کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 27 ہزار 638 ہو چکی ہے۔ جن میں سے سندھ میں 7 ہزار 361 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 11 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے۔ پنجاب میں 12 ہزار 575 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 13 مریض ہسپتالوں میں جبکہ 3 مریض گھروں میں قرنطینہ کے دوران اس وائرس سے جاں بحق ہوئے، خیبر پختونخوا میں 5 ہزار 514 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 7 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے۔

اسلام آباد میں کل 919 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے، بلوچستان میں کل 348 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے، گلگت بلتستان میں 184 اموات، آزاد کشمیر میں اس وائرس سے 737 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے۔