Get Alerts

چینی خلائی سٹیشن پر بھیجے گئے پاکستانی پرچم کی مشن شینزو۔12 کے ذریعے واپسی

چینی خلائی سٹیشن پر بھیجے گئے پاکستانی پرچم کی مشن شینزو۔12 کے ذریعے واپسی
چین کے خلائی سٹیشن پر بھیجا گیا پاکستانی پرچم واپس لائے جانے کے بعد چین میں پاکستانی سفارت خانے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں ایک تقریب چائنا اکیڈمی آف سپیس ٹیکنالوجی میں منعقد ہوئی۔

دونوں دوست ہمسایہ ممالک کے قومی پرچم سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر چائنا مینڈ سپیس ایجنسی کی طرف سے 7 جون 2021ء کو لانگ مارچ 2 ایف کیریئر راکٹ کے ذریعے چینی خلائی سٹیشن پر بھیجے گئے اور 3 ماہ تک وہاں پر رکھے جانے کے بعد چین کے خلائی مشن شینزو۔12 کے ذریعے واپس لائے گئے۔

تقریب میں چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق، چائنا اکیڈمی آف سپیس ٹیکنالوجی کے سیکرٹری ژائو شیائو جن ،چائنا مینڈ سپیس ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل ہائو چن، چین کے انسان بردار خلائی پروگرام کے ڈپٹی چیف ڈیزائنر یانگ لی وی اور پروگرام کے سینئر سائنسدانوں اور ماہرین نے شرکت کی۔

اس موقع پر پاکستان کے سفیر معین الحق نے کامیاب انسان بردار خلائی مشن پر چینی اداروں کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے قومی پرچموں کا ایک ساتھ خلائی سفر منفرد پاک چین دوستی کا خصوصی اظہار اور دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کو منانے کا بہترین انداز تھا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بیرونی خلا کی تسخیر کے منصوبوں میں تعاون کے تحت ٹیکنالوجی اور ماہرین کا باقاعدگی سے تبادلہ جاری ہے۔

انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک خلا کی تسخیر میں تعاون اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کے لئے تعاون میں اضافہ کریں گے۔ چین کے خلائی مشن شینزو۔12 کے ذریعے سائنسی تعلیم کی اشیااور فصلوں کے بیج بھی خلا میں بھجوائے گئے تھے جو واپس لائے جانے کے بعد مزید تحقیق کے لئے متعلقہ اداروں کے حوالے کئے گئے۔

واضح رہے کہ خلائی مشن شینزو۔12 کے ذریعے 3چینی خلاباز بھی خلا میں گئے تھے جن کا کام چینی خلائی سٹیشن کی تعمیر میں حصہ لینا تھا۔ اس خلائی سٹیشن کی تعمیر آئندہ سال مکمل ہو گی۔