لاہور پولیس نے دو کمسن بہنوں کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کے الزام میں ان کے سوتیلے باپ کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق متاثرہ بچیوں کی میڈیکل رپورٹ میں اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ انہیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
بی بی سی نے ڈی آئی جی انویسٹیگیشن لاہور کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ متاثرہ لڑکیوں میں سے ایک جو کہ بڑی ہے اور اسکی عمر 14سال ہے کے حاملہ ہونے کی بھی تصدیق ہو چکی ہے۔ تاہم دوسری متاثرہ بچی کے حوالے سے اس بات کی تصدیق تاحال نہیں ہو پائی ہے۔
بی بی سی کے مطابق متاثرہ لڑکیوں کی عمریں بالترتیب 14 اور 12 برس ہیں۔ ڈی آئی جی انویسٹیگیشن لاہور پولیس کے ترجمان کے مطابق ملزم گذشتہ کئی ماہ سے مبینہ طور پر دونوں بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنا رہا تھا۔
اس کیس کے حوالے سے اہم بات یہ ہے کہ لاہور کی رہائشی خاتون نے حال ہی میں تھانے میں رپورٹ درج کروائی تھی جس میں الزام عائد کیا گیا کہ ان کا دوسرا شوہر گذشتہ آٹھ سے نو ماہ سے ان کی دو کمسن بیٹیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کر رہا تھا۔