سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی کے پی کے وزیر خزانہ تیمور جھگڑا اور وزیر خزانہ پنجاب محسن لغاری سے فون کال لیک ہوگئی جس میں وہ IMF ڈیل سبوتاژ کرنے کی ہدایت دے رہے ہیں۔
ٹیلی فونک گفتگو میں شوکت ترین نے محسن لغاری کو کہا کہ یہ جو آئی ایم ایف کو 750 ارب کی کمٹمنٹ دی ہے آپ سب نے سائن کیا ہے، آپ نے اب کہنا ہےہم نے جو کمٹمنٹ دی تھی وہ سیلاب سے پہلے دی تھی، اب ہم یہ کمٹمنٹ پوری نہیں کرپائیں گے۔
شوکت ترین نے کہا کہ آپ نے کہنا ہےاب سیلاب کی وجہ سے ہمیں بہت پیسہ خرچ کرنا پڑے گا، یہی لکھنا ہے آپ نے اور کچھ نہیں کرنا۔ وزیرخزانہ محسن لغاری نے شوکت ترین کو جواب دیا کہ جی بالکل۔
شوکت ترین نے کہا کہ ہم سب چاہتے ہیں ان پر دباؤ پڑے، یہ ہمیں اندر کرا رہے ہیں ہم پر دہشتگردی کے الزامات لگا رہے ہیں، یہ بالکل اسکاٹ فری جارہے ہیں یہ نہیں ہونے دینا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ تیمور بھی ایک گھنٹےمیں کر کے بھیج رہا ہے آپ بھی ذرا کہیں مجھے بھیج دیں، ہم یہ کر کے اس کو وفاقی حکومت کو بھیج دیں گے، پھر ہم اس کو آئی ایم ایف کے نمایندوں کو ریلیز بھی کردیں گے۔
وزیر خزانہ محسن لغاری نے شوکت ترین سے سوال کیا کہ کیا اس سے ریاست کو نقصان نہیں ہوگا؟
شوکت ترین نے کہا کہ یہ جس طرح چیئرمین اور دیگر کو ٹریٹ کر رہے ہیں، اس سے ریاست کو نقصان نہیں ہو رہا ؟ دیکھو یہ توضرور ہوگا کہ آئی ایم ایف کہے گا پیسے کہاں سے پورے کریں گے۔
سابق وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ یہ منی بجٹ لے کرآجائیں گے، یہ ہمیں مس ٹریٹ کر رہے ہیں اور ریاست کےنام پر بلیک میل کر رہے ہیں ان کی مدد کرتے جائیں، یہ تو نہیں ہوسکتا ناں، یہ ہم نے کل طےکیا ہے، یہ آئی ایم ایف کو ریلیز کرنا ہے یا نہیں یہ ہم چیئرمین سے پوچھ لیں گے، چیئرمین سے پوچھ لیں گے یہ صرف وفاقی حکومت کو بھیجناچاہیے یا آئی ایم ایف کو بھی۔
محسن لغاری نے کہا کہ سوشل میڈیا سے زیادہ پاور فل ٹول ہی کوئی نہیں۔
شوکت ترین کا کہنا ہے کہ ہاں تو ہمیں ریلیز کرنے کی ضرورت ہی نہیں وہ سوشل میڈیا خود ہی کردے گا، تیمور کہہ رہا تھا اور میں اس کے نمبر ٹو کو بہتر جانتا ہوں وہ ویسے ہی لیک کردے گا، ہم ایساسین کریں گے کہ یہ نہ نظر آئے کہ ہم ریاست کو نقصان پہنچا رہے ہیں، آپ دے نہیں سکیں گے تو آپ کی جو کمٹمنٹ ہے اس کا مطلب زیرو ہے۔
سابق وزیر خزانہ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شوکت ترین کی خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور جھگڑا سے گفتگو کی آڈیو بھی سامنے آگئی۔
شوکت ترین نے تیمور جھگڑا سے سوال کیا کہ آپ نے خط بنا لیا؟
تیمور جھگڑا نے جواب دیا کہ ابھی بناتا ہوں میرے پاس پرانا خط ہے، راستے میں ہوں ابھی بنا کر آپ کو بھیجتا ہوں۔
شوکت ترین کا کہنا ہے کہ خط میں سب سے بڑا اور پہلا پوائنٹ ہوگا جو سیلاب آیا اس نے خیبرپختونخوا کا بیڑا غرق کردیا ہے، پہلا پوائنٹ ہو کہ ہمیں سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی کے لیے بہت پیسہ چاہیے، میں نے محسن لغاری کو بھی کہہ دیا ہے۔
تیمور جھگڑا نے کہا کہ ویسے یہ بلیک میلنگ کا حربہ ہے پیسے تو کسی نے ویسے ہی نہیں چھوڑنے، میں نے تو پیسے نہیں چھوڑنے، پتا نہیں لغاری کو چھوڑنے ہیں یا نہیں۔
شوکت ترین کا کہنا ہے کہ آج یہ خط لکھ کر اور جو آئی ایم ایف والی ہے اس کو کاپی بھیج دیں گے، تاکہ پتا تو چلے ان کو کہ یہ ہمارے سے پیسے رکھوا رہے تھے ہم وہ پیسے لے لیں گے۔
تیمور جھگڑا نے جواب دیا کہ ٹھیک ہے، میں وہ بنا کر اور میں آئی ایم ایف کےنمبرٹو کو جانتا ہوں ،میں آئی ایم ایف کا جو نمبر ٹو یہاں پر ہے اس سے تو میں ویسے ہی ساری معلومات لیتا رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے محسن نے بھی فون کیا تھا اس سے بھی میری بات ہوئی ہے، خان صاحب اور محمود خان نے مجھے کہا ہے ہمیں اکٹھے پریس کانفرنس کرنی چاہیے۔
شوکت ترین نے جواب دیا کہ وہ پریس کانفرنس نہیں ہونی وہ یہ تھا کہ یہ ہم کرلیں گے، اس کے بعد ہم پیر کو سیمینار کریں گے، اس پر پریس کانفرنس کرنی ہے تو وہ بھی ہم کرسکتے ہیں۔
کے پی کے وزیر خزانہ تیمور جھگڑا نے شوکت ترین کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ چلیں پہلے خط بھیجتے ہیں، ٹھیک ہے۔