Get Alerts

الیکشن کمیشن کا پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف نظرثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ

ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں ای سی پی نے فیصلے کے خلاف پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کا پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف نظرثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے  پاکستان تحریک انصاف کے بلے کے انتخابی نشان کے معاملے پر پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف  نظرثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں ای سی پی نے فیصلے کے خلاف پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن بلے کے انتخابی نشان کے معاملے پر ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف  پشاور ہائی کورٹ میں نظرثانی اپیل دائر کرے  گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی سے بلے کا انتخابی نشان واپس لینے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کیا تھا۔ 3 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس کامران حیات نے تحریر کیا تھا۔

تحریری حکم نامے میں عدالت نے ریمارکس دیے تھے کہ سیاسی جماعت کو انتخابی نشان سے محروم کر نا اس کے ووٹرز کی حق تلفی ہے، فریقین کے تفصیلی دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کیا جاتا ہے۔

فیصلے میں نشاندہی کی گئی تھی کہ 8 فروری کو عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں، 13جنوری کو انتخابی نشانات جاری کرنے کا آخری دن ہے۔

تحریری فیصلے میں عدالت نے واضح کیا تھا کہ الیکشن کمیشن کا 22 دسمبر 2023 کا فیصلہ معطل کیا جاتا ہے۔

پشاور ہائیکورٹ نے تحریری فیصلے میں الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کا سرٹیفکیٹ ویب سائٹ پر ڈالنے اور انتخابی نشان بحال کرنے کی بھی ہدایت دی تھی جب کہ فریقین کو 9 جنوری 2024 کے نوٹس جاری کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔