Get Alerts

پی پی 172: مصباح واجد کی کامیابی کیخلاف رانا مشہود کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مصباح واجد فارم 45 کے مطابق ہار چکی ہیں۔ مصباح واجد نے مبینہ ملی بھگت سے فارم 47 میں خود کو فاتح قرار دیا۔

پی پی 172: مصباح واجد کی کامیابی کیخلاف رانا مشہود کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود کی جانب سے آزاد امیدوار مصباح واجد کی کامیابی کو چیلنج کرنے سے متعلق درخواست پر الیکشن کمیشن کے دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔

رانا مشہود کے وکیل طارق بشیر ایڈووکیٹ سماعت کے لیے الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ 

رانا مشہود کے وکیل نےکیس میں دلائل دیے اور کہا کہ اگر ریٹرننگ آفیسر ایک دفعہ پورے حلقے کی گنتی کا آڈر جاری کر دے تو پھر وہ قانون کے مطابق دوبارہ گنتی کرانے کا پابند ہوگا۔

الیکشن کمیشن کے دو رکنی بینچ نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ 

واضح رہے کہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 172 کے تمام پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی، غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود کو شکست ہوئی تھی۔

آزاد امیدوار مصباح واجد 31378 ووٹ لے کر کامیاب قرار جبکہ رانا مشہود 28647 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ بعد ازاں پی پی 172 سے ن لیگ کے رہنما رانا مشہود نے مصباح واجد کی کامیابی کو چیلنج کر دیا تھا۔

رانا مشہود نے درخواست ریٹرننگ آفیسر کو جمع کروائی تھی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مصباح واجد فارم 45 کے مطابق ہار چکی ہیں۔ مصباح واجد نے مبینہ ملی بھگت سے فارم 47 میں خود کو فاتح قرار دیا۔

درخواست میں ریٹرننگ آفیسر سے فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کرنے کی استدعا بھی کی گئی۔