Get Alerts

پاکستان سٹاک ایکسچینج حملہ: تمام دہشت گرد ہلاک، پولیس اہلکار سمیت 6 افراد شہید

پاکستان سٹاک ایکسچینج حملہ: تمام دہشت گرد ہلاک، پولیس اہلکار سمیت 6 افراد شہید

پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشتگردوں  کے حملے کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت  6 افراد شہید ہوگئے جب کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں چاروں دہشتگرد مارے گئے۔


 جیو نیوز نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ پیر کی صبح 10 بجے کے قریب 4 دہشتگردوں نے پہلے اسٹاک ایکسچینج کے گیٹ پر دستی بم حملہ کیا اور پھر اندھا دھند فائرنگ کردی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور آپریشن شروع کردیا۔


پولیس ترجمان کے مطابق  دہشتگردوں کے حملے میں ایک شہری جاں بحق ہوا جب کہ ایک پولیس سب انسپکٹر سمیت اسٹاک ایکسچینج کے 4 سیکیورٹی گارڈ بھی شہید ہوگئے، اس کے علاوہ پولیس اہلکار سمیت 7 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

حملے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے قریبی علاقوں کا بھی مکمل محاصرہ کرلیا جب کہ حملے کے بعد آئی آئی چندریگر روڈ کو میری ویدرٹاور اور شاہین کمپلیکس سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ دہشتگرد جدید اسلحہ سے لیس تھے اور ان کے پاس بارودی مواد سے بھری جیکٹیں بھی موجود تھیں۔