عمران خان پیر کی رات سابق وزیراعظم ہوں گے، ناراض رکن باسط بخاری

عمران خان پیر کی رات سابق وزیراعظم ہوں گے، ناراض رکن باسط بخاری
تحریک انصاف کے ناراض رکن قومی اسمبلی باسط بخاری نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے جو 63 اے کا خط لکھا گیا ہے وہ ہمیں نہیں ڈر اسکتا۔ وہ پیر کی رات سابق وزیراعظم ہوں گے۔

تحریک انصاف کے ناراض رکن اسمبلی باسط بخاری نے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کسی بھی وقت صورتحال دیکھ کر فوری ووٹنگ کروا دیں گے۔ حکومت کا اعلان کہ تین تاریخ کو تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہو گی دھوکا ہے۔

آج نیوز پر عاصمہ شیرازی کے پروگرام ''فیصلہ آپ کا'' میں گفتگو کرتے ہوئے باسط بخاری کا کہنا تھا کہ میڈیا میں انہوں نے خط کے بارے میں آگاہ کر دیا ہے، یہ ہمارے لئے کافی ہے۔ ہمیں پیغام ان کا مل گیا ہے لیکن جہاں تک بات 63 اے کی ہے تو آئین میں واضح طور پر لکھا ہے کہ ایسی صورت میں کوئی بھی رکن صرف ڈی سیٹ ہو سکتا ہے۔

باسط بخاری کا کہنا تھا کہ میں 2018ء میں آزاد حیثیت میں سے انتخابات جیت کر آیا تھا لیکن تحریک انصاف کی قیادت نے ملکی مفاد کی بہتری کیلئے مجھے پارٹی میں شامل کرکے مجھ سے دستخط کرا لئے تھے۔

https://twitter.com/asmashirazi/status/1508832468324917251?s=20&t=BdgjlbpDm57gsPVj3X27CQ

ان کا کہنا تھا کہ میں نے جذبات میں آکر ان کا کہنا مان لیا تھا کہ عمران خان شاید ملک کی بہتری کا سوچ رہے ہیں۔ تو میں پی ٹی آئی میں شامل ہو گیا، ورنہ میرا ارادہ آزاد حیثیت کیساتھ ہی رہنا تھا۔

پی ٹی آئی کے ناراض رکن اسمبلی نے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ وقت اور حالات نے اس چیز کو ثابت کیا کہ میرا یہ فیصلہ سراسر غلط تھا۔ اب اگر میں وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں ووٹ دیتا ہوں تو زیادہ سے زیادہ کیا ہوگا، کہ میں ڈی سیٹ ہو جائوں گا، مجھے اس کی فکر ہی نہیں ہے، میں دوبارہ بائی الیکشن لڑ لوں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم عمران خان کیخلاف ہر حد تک جائوں گا۔ انشاء اللہ سوموار کی رات تک عمران خان سابق وزیراعظم پاکستان بن جائیں گے۔ مجھے لگتا ہے کہ شیخ رشید نے 3 تاریخ کو ووٹنگ کرانے کا بیان دیا ہے وہ کوئی سیاسی چال لگتی ہے۔