عمران خان وہاں بات کریں گے 'جِتھے گَل مُکنی اے': پرویز الہیٰ

عمران خان وہاں بات کریں گے 'جِتھے گَل مُکنی اے': پرویز الہیٰ
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف حکومت کی کسی کمیٹی سے بات نہیں کریں گے، وہ وہاں بات کریں گے جتھے گل مکنی اے (جہاں معاملات طے ہونے ہیں)۔

دنیا نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سیاست کا گرمی، سردی سے کوئی تعلق نہیں، اگر موسم گرم ہوگا تو کوشش ہو گی اسے ٹھنڈا کریں۔ انہوں نے کہا کہ شریفوں کو مجھ سے زیادہ کوئی نہیں جانتا۔ نواز شریف جب دو تہائی اکثریت سے وزیراعظم بنے تو انہوں نے آرمی چیف سے پھڈا شروع کر دیا۔ انہوں نے علی قلی خان سے بھی خواہ مخواہ پھڈا کیا، مشرف سے بھی ان کا پھڈا ہوا، جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ان کا پھڈا ہوا۔ پرویز الہیٰ نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے باقی حکومتوں کی طرح عمران خان کو بھی سپورٹ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ الیکشن کی تاریخ دی جائے جبکہ موجودہ حکومت چاہتی ہے کہ اسمبلی کی مدت ختم ہونے پر الیکشن ہوں۔ عمران خان حکومت کی کسی کمیٹی سے بات نہیں کریں گے، عمران خان وہاں بات کریں گے جتھے گل مکنی اے (جہاں معاملات طے ہونے ہیں)۔