اسلام آباد ہائی کورٹ نے مریم نواز کو ایون فیلڈ ریفرنس میں بری کر دیا

اسلام آباد ہائی کورٹ نے مریم نواز کو ایون فیلڈ ریفرنس میں بری کر دیا
اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کی اپیل منظور کرتے ہوئے ان کی 7 سال کی سزا کالعدم قرار دے دی ہے۔ عدالت نے کیپٹن صفدر کی 1 سال قید کی سزا بھی کالعدم قرار دے دی ہے۔

اس موقع پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ فیصلہ سنا تو نوازشریف کی یاد آئی، نوازشریف کو آج رب نے سرخرو کر دیا ہے۔ آج جھوٹ اپنے انجام کو پہنچا ہے۔ نوازشریف جس احتساب سے گزرے کبھی کوئی سیاستدان ایسے احتساب سے نہیں گزرا۔ نوازشریف نے پانامہ کیس کا سامنا کیا جس میں انہیں ٹریپ کیا گیا۔ نواز شریف جلد پاکستان واپس آئیں گے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ عمران خان نے اپنی 25 سالہ سیاست نوازشریف پر بہتان لگانے پر کی، میں آج عمران خان کی شکل دیکھنا چاہتی ہوں کہ کیسی ہے۔ عمران خان کو اللہ نے ناکام اور سازشی ثابت کیا۔ عمران خان جواب دو! جھوٹ پر مبنی سیاست کیوں کی؟ نوازشریف کو ہٹا کر سازشی اس وقت کہیں دور بیٹھا ہوا ہے۔

آڈیو لیک کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے لئے عمران خان کی آڈیو لیک کوئی نئی بات نہیں تھی، عمران خان سازشی ذہن کے انسان ہیں، وہ غیرذمہ دار شخص ہیں، ملک کے ساتھ وہ 4 سال تک کھیلتے رہے۔ عمران خان نےعدم اعتماد کی کامیابی دیکھ کر سازش کا ڈرامہ کیا۔ اہم دستاویزات میں ٹیمپرنگ کررہے ہیں۔ انہوں نے اعظم خان کے ساتھ بیٹھ کر ملک کے خلاف سازش کی۔ کھیل کھیل میں عمران خان ملک سے کھیل گیا۔ وہ ملک سے اتنی بڑی غداری کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 2018 کے انتخابات سے پہلے مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس میں مجرم قرار دیتے ہوئے سزا سنائی تھی۔