Get Alerts

سعودی عرب: پاکستانی ڈرائیور کا عظیم کارنامہ، سعودی خاندان کو بڑی تباہی سے بچا لیا

سعودی عرب میں پاکستانی ڈرائیور نے سعودی خاندان کو جانی نقصان سے بچا لیا، انتظامیہ نے پاکستانی شہری کے اس عمل کو قابل ستائش قرار دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی خاندان مکہ کی سبت الجارۃ نامی شاہراہ پر سفر کر رہا تھا کہ اچانک گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔ اس دوران پاس سے گزرتے پاکستانی ٹینکر ڈرائیور نے انسانیت کا ثبوت دیتے ہوئے اپنی مدد آپ کے تحت ایکشن لیا۔

شہری دفاع سے متعلق انتظامیہ کے جائے وقوعہ پر پہنچے سے پہلے ہی پاکستانی ڈرائیور نے آگ پر قابو پا لیا۔

ٹینکر ڈرائیور نے پہلے گاڑی سے بچوں کو نکالا بعد ازاں اپنے ٹینکر میں موجود پانی سے بھڑکتی ہوئی آگ کو ٹھنڈا کر دیا۔ حادثے کا شکار ہونے والے سعودی شہری کا کہنا تھا کہ ڈرائیور نے ناصرف میری اور بچوں کی جان بچائی بلکہ میری گاڑی کو بھی بڑی تباہی سے بچایا، اگر یہ شخص فوری کارروائی نہ کرتا تو شہری دفاعی انتظامیہ کے پہنچنے سے پہلے ہی گاڑی جل کر خاکستر ہو جاتی۔

سول ڈیفنس نے شہریوں کی قیمتی جانیں بچانے پر پاکستانی ڈرائیور کا شکریہ ادا کیا۔