Get Alerts

ڈی آئی خان:سکیورٹی چیک پوسٹ پر خود کش حملہ اہلکار سمیت 2 افراد شہید ، 4اہلکار زخمی

مسلح افراد ایک رکشے میں آ رہے تھے جنہوں نے سکیورٹی پوسٹ پر فائرنگ بھی کی، تا ہم سکیورٹی اہلکاروں کی مؤثر جوابی کارروائی سے دہشتگرد فرار ہو گئے

ڈی آئی خان:سکیورٹی چیک پوسٹ پر خود کش حملہ اہلکار سمیت 2 افراد شہید ، 4اہلکار زخمی

خیبر پختونخواہ کے ضلع ڈی آئی خان میں ڈیرہ ٹانک روڈ پر پولیس اور سکیورٹی فورسز کی مشترکہ چوکی پر خود کش حملہ اہلکار سمیت 2 افراد شہید 4 پولیس اہلکار زخمی  محکمہ وائلڈ لائف کا دیہاڑی پر تعینات کردہ پرائیویٹ اہلکار  بھی شہید ہوا ۔

 شہید ہونیوالے پولیس اہلکار کی شناخت حضرت حسین جبکہ وائلڈ لائف اہلکار شہید نعمت اللہ  کے نام سے ہوئی ہے ، زخمی ہونیوالوں میں بلال، عمران، نصراللہ اور نقیب اللہ شامل ہیں جنہیں ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ پہنچا دیا گیا ہے۔

 نیا دور رپورٹ کے مطابق ایک گاڑی میں سوار خود کش بمبار نے تحصیل کلاچی میں کنوری پوسٹ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں2افراد شہید  4  زخمی ہو گئے جب کہ دھماکےمیں سکیورٹی پوسٹ کو شدید نقصان پہنچا۔ 

ذرائع کے مطابق خود کش بمبار کے پیچھے مسلح افراد ایک رکشے میں آ رہے تھے جنہوں نے سکیورٹی پوسٹ پر فائرنگ بھی کی، تا ہم سکیورٹی اہلکاروں کی مؤثر جوابی کارروائی سے دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

خود کش بمبار کی جانب سے استعمال کی جانیوالی گاڑی بنیاد ی طور پر کے پی حکومت کے کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ کی تھی، ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں نے 10 دسمبر کو سرکاری گاڑی چھینی تھی۔حملے کے فوری بعد ہتھلہ،کلاچی، ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

زخمی سکیورٹی اہلکاروں کو طبی امداد کے لئے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ ) ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ حملہ آوروں کو پکڑنے کیلئے پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے۔