عمران خان کی جانب سے الزامات لگانے کے معاملے پر سابق صدر آصف علی زرداری نے عمران خان کو لیگل نوٹس بھجوا دیا ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے لیگل نوٹس سنیئر سیاستدان فاروق ایچ نائیک کی جانب سے بھجوایا گیا۔ لیگل نوٹس میں کہا کہ نوٹس ملنے کے 14 روز میں عمران خان غیر مشروط معافی مانگیں۔ معافی نہ مانگی تو قانونی کارروائی کا حق رکھتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ معافی نہ مانگی تو 10 ارب روپے ہرجانے کا کیس کروں گا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کو ہر دور میں دہشتگردی کا سامنا رہا ہے۔ عمران خان 14 روز کے اندر پاکستان کے تمام میڈیا پر آکر آصف زرداری سے غیر مشروط معافی مانگیں۔ بصورت دیگر 10 ارب روپے ہرجانہ دیا جائے۔
نوٹس میں کہا گیا کہ عمران خان نے الزام لگایا کہ دہشتگر تنظیم کو آصف علی زرداری نے مجھے قتل کرنے کے لئے پیسے دیئے۔ عمران خان اپنے الزامات کو عدالت کے سامنے ثابت کریں۔ عمران خان کے الزامات سے آصف زرداری کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔ سابق وزیراعظم نے اپنے بیان میں بے بنیاد الزامات لگائے ہیں۔ آصف زرداری پاکستان کے صدر رہ چکے ہیں۔ نوٹس قتل کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام کو سامنے رکھتے ہوئے بھیجا جارہا ہے۔ عمران خان نے معافی نہ مانگی تو قانونی چارہ جوئی کرنے کا حق رکھتا ہوں۔
واضح رہے کہ 27 جنوری کو ویڈیو کانفرنس کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے قتل کرنے کا پلان سی بنا ہے اور آصف زرداری اس کے پیچھے ہیں۔ آصف زرداری نے ایک دہشتگرد تنظیم کو پیسہ دیا ہے۔ سندھ حکومت کا لوٹا ہوا پیسہ میرے خلاف استعمال کیا جا رہاہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے مزید بتایا کہ جب مجھے پہلی دفعہ پتا چلا کہ قتل کی سازش ہوئی ہے تو میں نے ویڈیو بناکر باہر بھجوائی، ویڈیو میں بتایا کہ یہ چار لوگ ہیں جو سازش میں شریک ہیں۔
پلان بی میں انھوں نے توہین مذہب کا الزام لگا کر حملہ کرنا تھا۔میرے خلاف پوری سازش کی۔توہین مذہب کی مہم چلائی۔ یہ اپنے پلان میں تقریباً کامیاب ہوگئے تھے مگر زندگی اور موت اللہ دینے والا ہے۔
عمران خان نے الزام عائد کیا کہ اب ان کا پلان سی بنا ہوا ہے اور آصف زرداری اس کے پیچھے ہے۔ قوم کو بتارہوں کہ جو نام میں نے دیے ہیں آصف زرداری کے علاوہ وہ نام بھی آنے ہیں۔مجھے کچھ ہوا تو ساری قوم کو پتا ہونا چاہیے کہ کن لوگوں نے یہ کرایا۔
دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے زرداری سے متعلق بیان کے بعد اگر والد ، پارٹی یا مجھ پر حملہ ہوا تو اُس کا حساب لیا جائے گا۔