Get Alerts

عمران خان نے گھناؤنی سازش کرکے قومی سلامتی کو داؤ پر لگا دیا: نواز شریف

نوازشریف نے ایک بار پھر جسٹس اعجاز الاحسن کو نام لیے بغیر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ جن ججوں نے مجھے جیل میں ڈالا وہ استعفیٰ دے کر جا رہے ہیں۔ انہیں پتہ ہے ان کے کرتوت برے ہیں۔  چور کی داڑھی میں تنکا ہے۔

عمران خان نے گھناؤنی سازش کرکے قومی سلامتی کو داؤ پر لگا دیا: نواز شریف

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ مجھے نااہل کیا گیا لیکن آج سرخرو ہوکر عوام کے سامنے کھڑا ہوں۔ ظلم سہنے کے باوجودقومی راز فاش نہیں کیا خود پر برداشت کیا لیکن میں نے پاکستان پر زخم نہیں لگنے دیا۔ نواز شریف نے کبھی قومی سلامتی کو داؤ پر نہیں لگایا لیکن عمران خان نے لگایا ہے۔

ضلع بہاولنگر کے شہر  ہارون آباد میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ مجھے نااہل کیا گیا لیکن آج سرخرو ہوکر عوام کے سامنے کھڑا ہوں۔ آپ کے نعرے سن کر میرا 5 کلو خون بڑھ گیا۔ تبدیلی نے پاکستان کا کیا حشر کیاکہ 25 روپے کی ایک روٹی ملتی ہے۔ نوازشریف کےدور میں 25 روپے میں پانچ روٹیاں ملتی تھیں۔ نوازشریف کے دور میں گیس اور بجلی سستی تھی. تبدیلی نے عوام کے ساتھ یہ سلوک کیا ہے.

انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے لوڈ شیڈنگ ختم کی۔ سستی بجلی لے کر آیا۔ میرے دور میں جس کا بل ایک ہزار آتا تھا۔ آج 20 ہزار آتا ہے۔ نوازشریف کے دور میں چینی 35 روپے کلو تھی۔ آج 150روپے کلو ہے۔ پیٹرول ہمارے دور میں 60روپے لیٹر تھا۔  کسان میرے عزیز بھائی ہیں۔ ان سے پوچھیں نوازشریف کے دورمیں ٹریکٹر کتنے کا تھا؟  8 لاکھ روپے کا تھا۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

نواز شریف کا کہنا تھاکہ موٹر سائیکل والو کار والو بس والو ٹرک والو نواز شریف کے دور میں تو پٹرول 60 روپے لیٹر تھا اور آج 250 روپے لیٹر ہے۔ ہم نے آئی ایم ایف کو خداحافط کہا تھا اور ملک اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگیا تھا۔ عمران خان پھر کشکول لے کر مانگنے نکل پڑا۔ دوسرے ملکوں سے مانگتے پھرتے تھے۔ انہوں نے پھر ملک کو بھیک مانگنے پر لگادیا۔ ہم ایٹمی دھماکے کرتے اور یہ شہدا کے مجسمے جلاتے اور ان کی بے حرمتی کرتے ہیں.

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ آج آئی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف کے دور میں ملک میں کرپشن کا خاتمہ ہوچکا تھا۔ کیا نواز شریف یاد آتا ہے۔ ثاقب نثار بتاؤ جس کو عالمی دنیا کرپٹ ترین کہہ رہی ہے اس کو تم نے صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ کیوں دیا؟ عمران خان کا دور سب سے کرپٹ ترین دور تھا۔  آؤ ثاقب نثار بتاؤ تم نے اس کو صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ دیا تھا۔ ان جج نے دیا تھا جو استعفے دے کر گھر چلے گئے آپ نے کیسے دے دیا؟ یہ آپ نے ظلم کیا۔ ان کے دور میں کرپشن انڈیکس  پھر اوپر چلا گیا۔

نوازشریف نے ایک بار پھر جسٹس اعجاز الاحسن کو نام لیے بغیر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ جن ججوں نے مجھے جیل میں ڈالا وہ استعفیٰ دے کر جا رہے ہیں۔ انہیں پتہ ہے ان کے کرتوت برے ہیں۔  چور کی داڑھی میں تنکا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں نے خود پر ظلم برداشت کیے۔ زخم سہنے کے باوجود پاکستان پر زخم نہیں لگنے دیا۔ مجھے 3 بار وزارت عظمیٰ سے نکالا گیا مگر میں نے قومی سلامتی کو داؤ پر نہیں لگایا اور قومی راز فاش نہیں کی۔ لیکن عمران خان نے اقتدار جاتا دیکھ کر پاکستان پر حملہ کر دیا۔ آج نتیجہ دیکھ لیا۔ اس کا کردار بہت افسوسناک تھا۔ اس نے گھناؤنی سازش کرکے قومی سلامتی کو داؤ پر لگا دیا۔

نوازشریف نے کہاکہ میرے ساتھ جو کیا گیا اس کی تلافی تو ممکن نہیں مگر عوام کے ساتھ جو ہوا اس کا مجھے بہت افسوس ہے۔