پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان جیل میں بیٹھ کر پاکستان کےخلاف گھناؤنی سازش کر رہے ہیں۔ وہ قوم کو تقسیم کر رہے ہیں۔ عمران خان اس واقعے پر سیاست کر رہے ہیں جس میں ملک دولخت ہوا۔بانی پی ٹی آئی کی لڑائی کسی سیاسی جماعت سے نہیں پاکستان سے ہے۔ یہ کہنا تھا وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ میں اہم ہے۔شہید ذوالفقار بھٹو نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا۔
شرجیل میمن نے عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہا کہ بانی تحریک انصاف جیل میں بیٹھ کر پاکستان کےخلاف گھناؤنی سازش کر رہے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی شیخ مجیب کی حمایت کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اس واقعے پر سیاست کر رہے ہیں جس میں ملک دولخت ہوا۔ بانی کی لڑائی کسی سیاسی جماعت سے نہیں پاکستان سے ہے۔ ایڈٹ ویڈیو کے ذریعے آپ ان اداروں کو بدنام کر رہے ہیں جن کی بیساکھوں کے سہارے آپ نے اپنی سیاست کی۔ جن کے آپ پر ، آپ کی نسلوں پر احسانات ہیں۔ آپ ایک احسانات فراموش ہو عمران خان۔ وہ چاہتے ہیں کہ ادارے ان کے کہنے پر چلیں ورنہ ہم ان کے ساتھ یہ سب کریں گے۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ کل سماجی رابطے کی ایک ویب سائٹ پر ایک ویڈیو لگائی جس میں مجیب الرحمٰن کو قومی ہیرو کہا گیا۔ غلط ویڈیوز دکھا کر آپ قوم کو، نوجوان نسل کو گمراہ کرنا چاہتے ہو۔
انہوں نے کہا کہ یہ شخص پاکستان کو نقصان پہنچاناچاہتا ہے۔ ایک شخص جیل میں بیٹھ کر حکومتیں بنا رہا ہے۔ ٹکٹیں بانٹ رہا ہے۔ 1971 کے سانحہ پر بھی سیاست کرنے کی کوشش کررہا ہے۔پی ٹی آئی کی جانب سے حقائق کو مسخ کر کے ایک غلط قسم کی کہانی بیچنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ 1971کےحالات وواقعات کومنفی انداز میں پیش کیا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب انگلی پکڑ کر 2018 کے الیکشن میں اس کو جتوایا گیا اور تک اقتدار میں تھا فوج اور اداروں کی تسبیج پڑھتا تھا اور جب عدم اعتماد کے ذریعے اقتدار نہیں سے نکالا گیا تو انہی کو بدنام کر رہا ہے، سازشیں کررہا ہے، دھمکیاں دے رہا ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ عمران خان کے خلاف اتنے کیسز ہیں جو ابھی تک کھلے ہی نہیں۔ 2018 میں اقتدار میں آتے ہی لوگوں کے اربوں روپے کے قرضے معاف کیے۔ کس کس کا قرض کتنی رقم کے عوض معاف کیا گیا یہ تو ایک الگ پنڈورا باکس ہے جو ابھی تک نہیں کھلا۔ اس بہروپیے شخص نے ملک کی معیشت تباہ کی۔ نوجوان نسل کو گالی گلوچ، بدتہذیبی ، انتشار اور تشدد پر لے آیا۔ہماری قوم آنکھیں کھولے۔ عمران خان جیسے بہروپیے جو عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ان سے اپنی جان چھڑوائیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان کی لڑائی سیاسی جماعتوں، کسی فوجی جنرل یا ادارے سے نہیں، پاکستان سے ہے۔ ملک کے اداروں کو بدنام کیا جارہا ہے۔ یہ شخص ہم پر تھوپا گیا ہے۔ پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔ بھارت اور اسرائیل بانی پی ٹی آئی کو فنڈنگ کررہا ہے۔