Get Alerts

شہادتوں کی صورت میں 11 اگست کو عیدالاضحیٰ منانے کا اعلان کیا جائے گا

شہادتوں کی صورت میں 11 اگست کو عیدالاضحیٰ منانے کا اعلان کیا جائے گا
ماہ ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے جامع مسجد قاسم علی خان کی مقامی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل منعقد ہوگا جس میں چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول ہونے کی صورت میں کمیٹی 11 اگست کو عیدالاضحی منانے کا اعلان کردے گی۔

مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیر صدارت جامع مسجد قاسم علی خان کی مقامی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس یکم اگست کو بعد نماز مغرب منعقد ہوگا جس میں ماہ ذی الحجہ کے چاند سے متعلق شہادتیں وصول کی جائیں گی۔

کمیٹی کے رکن مولانا حسین احمد مدنی ایڈوکیٹ نے نجی ٹی وی ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کمیٹی کے مطابق ماہ ذی قعدہ کی یکم اگست کو 29 تاریخ ہوگی اس لیے کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں اگر ماہ ذی الحجہ کا چاند دیکھنے سے متعلق شہادتیں موصول ہوگئیں تو اس صورت میں 11 اگست کو عید کا اعلان کردیا جائے گا۔

تاہم اگر شہادتیں موصول نہ ہوئیں یا پھر شرعی اعتبار سے درست نہ ہوئیں تو اس صورت میں عید 12 اگست کو کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔

مولانا حسین احمد مدنی نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت، مرکزی رویت ہلال کمیٹی یا وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی مفتی شہاب الدین پوپلزئی سے بات کرنے کے خواہاں ہیں تو وہ تو ہر فورم پر جانے کے لیے تیار ہیں لیکن مسئلہ یہ ہے ان کی بات سنی بھی جائے۔

واضح رہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 2 اگست کو منعقد ہورہا ہے جب کہ ماہرین فلکیات نے بھی عید الاضحیٰ 12 اگست کو ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔