لاہور ہائیکورٹ فیصلہ: پرویز الٰہی اثر انداز ہونے کی کوشش کریں گے، پر ہونا وہی ہے جو پہلے ہوا

لاہور ہائیکورٹ فیصلہ: پرویز الٰہی اثر انداز ہونے کی کوشش کریں گے، پر ہونا وہی ہے جو پہلے ہوا
مشبر بخاری نے کہا ہے کہ مجھے یہی لگتا ہے کہ پرویز الٰہی اثر انداز ہونے کی کوشش کریں گے پر ہونا وہی ہے جو پہلے ہوا۔ اگر سپریم کورٹ کے فیصلے میں دیکھیں تو ڈی سیٹ ہونا لکھا تھا لیکن یہ نہیں تھا لکھا کہ ماضی پر اس کا اطلاق ہوگا یا نہیں۔

نیا دور ٹی وی کے پروگرام خبر سے آگے میں پنجاب کے سیاسی منظر نامے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس ساری صورتحال میں ضمنی الیکشن کی اہمیت بہت زیادہ بڑھ گئی ہے کیونکہ اس کے نتیجے میں حمزہ شہباز مزید مضبوط بھی ہو سکتے ہیں اور تحریک انصاف سویپ کر جائے تو ان کو بھی چانس مل سکتا ہے۔

پروگرام میں مدعو مہمان احمد بلال محبوب کا کہنا تھا کہ اصل میں خرابی یہ ہے کہ جن چیزوں کو اسمبلی میں حل ہونا چاہیے، اسے عدالتوں میں لے جاتے ہیں وہ جا کر مسائل حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو پھر آپ کی توجہ عدالتوں کی جانب زیادہ ہو جاتی ہے اور جو اصل معاملہ ہے اسمبلی کا اس کی طرف کم ہو جاتی ہے۔

احمد بلال محبوب کا کہنا تھا کہ دنیا میں ہر جگہ قاعدہ ہے کہ اگر اجلاس چل رہا ہو تو ممبران غیر حاضر نہیں ہو سکتے، ایمرجنسی کی بات الگ ہے۔ ملک سے جانے کا تصور نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ اختلافی نوٹ کی بنیاد پر اپیل کرنے جا رہے ہیں تو فرق صرف یہ ہے کہ انہوں نے ان کو ایک دن مزید دیا گیا ہے۔ کل سپریم کورٹ کیا کرے گی کہنا مشکل ہے۔ ہم اندازہ ہی کر سکتے ہیں کہ اگر کل سٹے نہیں ملتا اور الیکشن کیلئے ایک دو دن اور دے دیتے ہیں اب اس میں بڑا کوئی قانونی نقطہ باقی نہیں رہا گیا۔

سینئر کالم نگار ایاز امیر کے دبنگ بیان پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایاز امیر کی تقریر کے بعد خان صاحب نے پوچھا تو ہوگا ان کو کس نے دعوت دی تھی۔ اس طرح کی باتیں ایاز امیر ہی کر سکتا ہے چاہے وہ بینظیر کا زمانہ ہو، نوازشریف کا یا عمران خان کا وہ ہی ایسے کلمہ حق کہہ سکتے ہیں۔