پاکستانی کوہ پیمائوں محمد علی سدپارہ اور مرزا علی بیگ کے حیرت انگیز ریکارڈز

پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ کوہ پیما محمد علی سدپارہ نے نیپال میں دنیا کی پانچویں بلند ترین چوٹی ’’ماکالو‘‘ سر کر لی ہے۔ محمد علی سدپارہ گلگت بلتستان کے ضلع سکردو سے تعلق رکھتے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ایک بیان میں یہ کہا گیا ہے کہ کوہ پیما محمد علی سدپارہ نے 8 ہزار 485 میٹر بلند چوٹی کو سر کر لیا ہے جو دنیا کی پانچویں بلند ترین چوٹی ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے، محمد علی سدپارہ نے پاک فوج کے تعاون سے یہ چوٹی سر کی جس کے ساتھ ہی وہ پاکستان کے ایسے پہلے کوہ پیما بن گئے ہیں جنہوں نے آٹھ ہزار میٹر سے بلند سات چوٹیاں سر کی ہیں۔



ہنزہ سے تعلق رکھنے والے ایک اور ایسے ہی کوہ پیما مرزا علی بیگ بھی ہیں جنہوں نے رواں ماہ دنیا کی بلند ترین چوٹی مائونٹ ایورسٹ سر کرکے ایک دلچسپ ریکارڈ قائم کیا۔ وہ ایسے پہلے پاکستانی کوہ پیما بن گئے ہیں جنہوں نے دنیا کے سات براعظموں میں سات چوٹیاں سر کی ہیں۔

محمد علی سدپارہ نے گزشتہ برس دیگر کوہ پیمائوں کے ہمراہ نیپال میں آکسیجن کے بغیر 7 ہزار 161 میٹر بلند چوٹی مائونٹ پوموری کو بھی سر کیا تھا۔

محمد علی سدپارہ سردی کے موسم میں دنیا کی خطرناک ترین چوٹی نانگا پربت سر کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کر چکے ہیں جب کہ انہوں نے براڈ پیک، سپینڈیک پیک، جی ون اور جی ٹو وغیرہ بھی سر کی ہیں۔