آٹا چینی بحران پر عہدے سے ہٹائے جانے والے وفاقی سیکرٹری فوڈ ہاشم پوپلزئی اہم عہدے پر تعینات

آٹا چینی بحران پر عہدے سے ہٹائے جانے والے وفاقی سیکرٹری فوڈ ہاشم پوپلزئی اہم عہدے پر تعینات
آٹا چینی بحران پر عہدے سے ہٹائے جانے والے وفاقی سیکرٹری فوڈ ہاشم پوپلزئی کو منیجنگ ڈائریکٹر پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) تعینات کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے ہاشم پوپلزئی کو ایم ڈی پیپرا تعینات کرنے کی سمری کی منظوری دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق سیکرٹری فوڈ ہاشم پوپلزئی آئندہ برس ریٹائر ہو رہے ہیں اور انہیں آج ریٹائرمنٹ سے قبل ہی 3 سال کے لیے ایم ڈی پیپرا لگانے کی منظوری دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ 4 اپریل کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے آٹا و چینی بحران کی تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر لائی گئی تھی۔

رپورٹ سامنے آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کابینہ میں دیگر تبدیلیوں کے ساتھ وفاقی وزیر برائے تحفظ خوراک اور تحقیق خسرو بختیار کا قلمدان تبدیل کر کے انہیں وزارت اقتصادی امور دے دی گئی تھی۔

تحقیقاتی کمیٹی نے سیکرٹری فوڈ ہاشم پوپلزئی کو بھی بحران کا ذمہ دار قرار دے کرفوری ہٹانے کی سفارش کی تھی۔ وزیراعظم نے رپورٹ کے بعد ہاشم پوپلزی کو بھی سیکرٹری فوڈ کےعہدے سے ہٹا دیا تھا اور عمر حمید کو ان کی جگہ تعینات کیا تھا۔