حکومتی رکاوٹیں پی ڈی ایم کو روکنے میں ناکام، گھنٹہ گھر ملتان پر میدان سج گیا

حکومتی رکاوٹیں پی ڈی ایم کو روکنے میں ناکام، گھنٹہ گھر ملتان پر میدان سج گیا

حکومت کی جانب سے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)  کے جلسے کو روکنے کیلئے کنٹینرز، پکڑ دھکڑ اور مقدمات سمیت سب کوششیں ناکام ہوگئیں اور تمام تر  رکاوٹوں کے باوجود اپوزیشن اتحاد نے گھنٹہ گھر چوک  پر میدان سجا لیا۔ اپوزیشن اتحاد کے جلسے کی میزبان پیپلزپارٹی ہے اور یہ جلسہ پی پی کے 54 ویں یوم تاسیس پر منعقد کیا گیا۔


پی ڈی ایم کی جانب سے ملتان میں قلعہ کہنہ قاسم باغ میں جلسے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم حکومت نے اجازت دینے سے انکار کردیا تھا اور گزشتہ روز سے ہی شہر میں کنٹینرز، ٹرک اور ٹرالیاں مختلف سڑکوں پر لگا کر اسٹیڈیم جانے والے راستے روک دیے تھے۔ جلسے سے قبل پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے کارکنان کو پکڑا گیا۔ علاوہ ازیں جلسہ گاہ کی طرف جانے والے تمام راستے کینٹینرز لگا کر بند کر دئے گئے تھے۔


سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے سمیت متعدد کارکنوں کو گرفتار بھی کیا گیا تاہم مقدمات اور رکاوٹوں کے باوجود اپوزیشن اتحاد نے قلعہ کہنہ باغ  کے قریب گھنٹہ گھر چوک میں میدان سجالیا ہے۔