Get Alerts

آرمی چیف نے عمران خان سے فون پر بات کرنے سے انکار کردیا، تجزیہ کار مرتضی سولنگی

آرمی چیف نے عمران خان سے فون پر بات کرنے سے انکار کردیا، تجزیہ کار مرتضی سولنگی
سینیئر تجزیہ کار اور صحافی مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ نئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے سابق وزیر اعظم عمران خان سے فون پر بات کرنے سے انکار کر دیا۔

نجی نیوز چینل کے پروگرام "آن دی فرنٹ" میں پروگرام اینکر کامران شاہد  سے گفتگو کرتے ہوئے اور صحافی مرتضیٰ سولنگی نے  کہا کہ کمان سنبھالنے کے بعد آرمی چیف عاصم منیر نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی  جس میں صدر نے چیئرمین تحریک انصاف کا پیغام آرمی چیف کو پہنچایا جس میں عمران خان کا موقف تھا کہ ہمارا اختلاف اور جھگڑا آپ سےیا فوج سے نہیں بلکہ ایک مخصوص شخصیت سے تھا تاہم اب وہ جا چکے ہیں تو ہم چاہتے ہیں کہ اب ہمیں مل کر کام کرنا چاہیے۔

سینیئر تجزیہ کار نے مزید کہا کہ ملاقات کے دوران صدر مملکت نے آرمی چیف کو پیشکش کی کہ عمران خان ان سے ٹیلی فون پر بات کرنا چاہتے ہیں۔ آرمی چیف عاصم منیر نے ان کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فوج نے غیر سیاسی ہونے کا فیصلہ کیا ہے تو ہمیں غیرسیاسی ہی رہنے دیں۔ ہم ان سے فون پر کوئی گفتگو نہیں کریں گے۔

یاد رہے کہ آج بروز بدھ نئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کے لئے ایوانٰ صدر پہنچے۔ ملاقات میں صدر نے اآرمی چیف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

ملاقات کے دوران ملکی سلامتی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔

واضح رہے کہ عاصم منیر وہی شخص ہیں جن کو ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے سےہٹانے کے لئے عمران خان نے بطور وزیر اعظم اس وقت کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو بروز اتوار ہدایات جاری کی تھیں۔