نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے وفاقی وزیر اطلاعات اپنے عہدے کا باضابطہ چارج سنبھال لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد نگران وفاقی وزیرمرتضیٰ سولنگی وزارت اطلاعات و نشریات میں اپنے دفتر آئے اور وزارت کے افسران اور اپنے سٹاف سے ملاقات کی۔
علاوہ ازیں، نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب سے ملاقات کےلیے ان کی رہائشگاہ پر پہنچے۔
سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے نگران وزیر اطلاعات بننے پر مرتضی سولنگی کو مبارک پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ دعا ہے کہ آپ اس قومی ذمہ داری میں سرخرو ہوں۔
نگران وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے مریم اورنگزیب کے اہل خانہ اور بچوں سے بھی ملاقات کی۔
نگران وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کو 16 ماہ میں وزارت اطلاعات کو بہترین انداز سے چلانے پر مبارک پیش کی
اس موقع پر نگران وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی کا کہنا تھا کہ پیمرا (ترمیمی) بل 2023 کی شاندار قانون سازی آپ کے جمہوری مزاج اور مشاورت کے ہنر کا کمال ثابت ہوئی ۔آپ نے کارکردگی کا جو معیار قائم کیا ہے، کوشش ہوگی، اس کا تسلسل جاری رکھ سکوں۔
نگران وزیر اطلاعات نے سابق وزیر اطلاعات سے ملک کی مجموعی صورتحال اور وزارت اطلاعات و نشریات کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔
قبل ازیں آمد پر مریم اورنگزیب نے اپنی والدہ طاہرہ اورنگزیب اور دیگر اہل خانہ کے ہمراہ نگران وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی کا استقبال کیا اور انہیں پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا
نگران وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے نیک تمناؤں کے اظہار اور مبارک پر طاہرہ اورنگزیب، مریم اورنگزیب، حسن اورنگزیب اور دیگر اہل خانہ کا شکریہ ادا کیا۔