Get Alerts

لاڈلے نوازشریف اور شہبازشریف عوامی عدالت میں حساب دینے کیلئے تیار رہیں: پرویزالہیٰ

پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ کیا اب بھی نوازشریف کے لاڈلے ہونے میں کوئی شک باقی رہ گیا ہے۔ نوازشریف اور شہبازشریف دونوں اپنے کیس ختم کروا کے بھی سرخرو نہیں ہو سکتے، عوام کو جواب دینا ہو گا۔یہ عوامی غیض وغضب سےنہیں بچ سکیں گے۔

لاڈلے نوازشریف اور شہبازشریف عوامی عدالت میں حساب دینے کیلئے تیار رہیں: پرویزالہیٰ

سابق وزیراعلیٰ پنجاب اورپاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی)  کے صدر پرویزالہیٰ کا کہنا ہے کہ شریف برادارن عوامی عدالت میں حساب دینے کیلئے تیار رہیں۔ مہنگائی کے شہنشاہ شہبازشریف کو الیکشن میں لگ پتا جائے گا۔

لاہور کی ضلع کچہری میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ کیا اب بھی نوازشریف کے لاڈلے ہونے میں کوئی شک باقی رہ گیا ہے۔ نوازشریف اور شہبازشریف دونوں اپنے کیس ختم کروا کے بھی سرخرو نہیں ہو سکتے، عوام کو جواب دینا ہو گا۔ لاڈلے نوازشریف اور شہبازشریف عوامی عدالت میں حساب دینے کیلئے تیار رہیں۔

پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ ہیرا پھیری کے چمپئن شریف برادران اللہ اور عوام کی عدالت سے کیسے بچیں گے۔ اس بار قوم انہیں الیکشن میں آٹے دال کا بھاؤ یاد کروا دیں گے۔ مہنگائی کے شہنشاہ شہبازشریف کو الیکشن میں لگ پتا جائے گا۔عوام ان لاڈلوں کو ووٹ کی پرچی کے ذریعے باہر نکالیں گے۔ یہ عوامی غیض وغضب سےنہیں بچ سکیں گے۔

سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ ن لیگ ہر بارعوام کو گمراہ کرکےاقتدار حاصل کرتی ہے۔ اب ان لاڈلوں کو چاہئے کہ عوام کی جان چھوڑ دیں۔ شہباز شریف نے 16 ماہ میں سوائے لیول پلیئنگ فیلڈ حاصل کرنے کے کچھ نہیں کیا۔ لاڈلے نوازشریف اور شہبازشریف ایسا تاثر پیدا کر رہے ہیں جیسے یہ چار بار عوام کو دھوکا دینے کے بعد پھر آ جائیں گے۔

پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ فری اینڈ فیئر الیکشن ہوں گے۔ تحریک انصاف بلے کے نشان کے ساتھ الیکشن میں اترے گی اور پورے پاکستان میں ہر سیٹ پر اپنا امیدوار کھڑا کرے گی۔ یہ بات نہایت افسوسناک ہے کہ سستی شہرت کے کاموں پر اربوں روپے ضائع کیے جا رہے ہیں۔

مرکزی صدر پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف بلے کے نشان کے ساتھ انتخابات میں اترے گی اور کامیابی بھی حاصل کرے گی۔ فری اینڈ فیئر الیکشن ہوں گے۔ تحریک انصاف پورے پاکستان میں ہر سیٹ پر اپنا امیدوار کھڑا کرے گی۔ پنجاب کا خزانہ سیاسی عیاشیوں پر اڑانے والے نگراں، بچوں کے لیے قرآنی سپارے نہیں چھاپ رہے جب کہ ہماری حکومت نے بارہویں جماعت تک ناظرہ قرآن کی تعلیم لازمی قرار دی تھی۔ پرائمری تک بچوں کو مفت سپارے دئیے گئے تھے یہ سپارے نہایت اعلیٰ کاغذ پر نفیس طور پر شائع کیے گئے تھے

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ نگران حکومت کے پاس جعلی بادل اور بارش کی دھوکا دہی کیلئے تو وافر فنڈز موجود ہیں لیکن ہمارے دور میں شروع کردہ کار خیر بلکہ مذہبی فریضہ کی ادائیگی کو آگے بڑھانے کی بجائے سپارے چھاپنے ہی بند کر دئیے۔کیسا نگران وزیراعلیٰ اور نگران حکومت ہے جو فنڈز کی کمی کا بہانہ بنا کر ابھی تک ان سپاروں کی پرنٹنگ شروع نہیں کر رہی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد اللہ لوگ آدمی ہیں وہ فوری نوٹس لیں۔ 

اس سے قبل سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کوغیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں 14  روزہ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر پولیس نے اڈیالہ جیل سے ضلع کچہری لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد کے روبرو پیش کیا۔

دوران سماعت اینٹی کرپشن حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ پرویز الہٰی کے خلاف اینٹی کرپشن میں پنجاب اسمبلیوں میں غیر قانونی بھرتیوں کا مقدمہ درج ہے۔ سابق وزیراعلیٰ نے پنجاب اسمبلی میں گریڈ 17 کے عہدوں پر 12 غیر قانونی بھرتیاں کیں، پنجاب اسمبلی میں امیدواروں کے ریکارڈ میں ردوبدل کیا گیا۔

اینٹی کرپشن حکام نے مزید کہا کہ بھرتی کے عمل میں جعل سازی کیلئے جعلی ٹیسٹنگ سروسز کی خدمات لی گئیں۔ انکوائری میں پنجاب اسمبلی میں بھرتیاں جعلی ثابت ہوئیں۔

بعدازاں عدالت نے سابق وزیراعلیٰ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی کو دوبارہ 14 دسمبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

منیر باجوہ صحافی ہیں اور مختلف موضوعات سے متعلق رپورٹنگ کرتے ہیں۔ وہ نیا دور میڈیا کی رپورٹنگ ٹیم کا حصہ ہیں۔