وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا فیصلہ کر لیا ہے۔ متعدد وزرا کو فارغ کر کے نئے وزرا لانے کی خبریں زیر گردش ہیں۔
میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت اور بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا فیصلہ کر لیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار آج شام کو وزیراعظم سے ملاقات کریں گے جس میں متوقع تبدیلیوں پر مشاورت کی جائے گی۔
کابینہ سمیت آئی جی پنجاب اور پولیس میں بڑے عہدوں پر تبدیلیوں کا امکان ہے۔ وزیراعظم نے چیف سیکریٹری پنجاب، آئی جی اور وزیر قانون کو بھی آج اسلام آباد طلب کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب میں ڈینگی وبا پھیلنے پر وزیراعظم نے سخت نوٹس لیا ہے اور متعلقہ محکمے کے افسران کو بھی تبدیل کرنے کا عندیہ دیا ہے جب کہ ان کی جگہ وبا پر قابو پانے کے ماہر افسران کو لایا جائے گا۔