اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جوڈیشل مجسٹریٹ زیبا چودھری سے ان کی غیر موجودگی میں معافی مانگ لی۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان جج زیبا چودھری سے معافی مانگنے کے لئے جمعے کے روز ان کی عدالت پہنچے تاہم پولیس نے خاتون جج کا کمرہ بند کر دیا اور انہیں بتایا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ زیبا چودھری رخصت پر ہیں۔ عمران خان نے عدالتی عملے سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ "زیبا چودھری صاحبہ کو بتانا کہ عمران خان آئے تھے"۔ انہوں نے مزید کہا کہ "جوڈیشل مجسٹریٹ زیبا چودھری سے معذرت کرنے کے لئے آیا ہوں۔"
عمران خان نے عدالتی عملے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "آپ گواہ رہنا اور زیبا چودھری صاحبہ کو بتانا کہ اگر ان کی دل آزاری ہوئی ہو تو عمران خان معذرت کرنے آئے تھے۔"
واضح رہے کہ خاتون جوڈیشل مجسٹریٹ کو جلسے میں دھمکیاں دینے کے معاملے پر عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک تحریری جواب جمع کرایا تھا۔ عمران خان نے شوکاز نوٹس کے جواب میں عدالتِ عالیہ میں 19 صفحات پر مشتمل ضمنی جواب بھی جمع کرایا تھا جس میں انھوں نے اپنے ریمارکس پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔