Get Alerts

حکومت سے متعلق آڈیو لیکس کرنے والے بندے کو شٹ اپ کال دے دی گئی ہے: نجم سیٹھی

حکومت سے متعلق آڈیو لیکس کرنے والے بندے کو شٹ اپ کال دے دی گئی ہے: نجم سیٹھی
معروف صحافی اور دانش ور نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ حکومت سے متعلق آڈیو لیکس کرنے والے بندے کو شٹ اپ کال دے دی گئی ہے اور اب حکومتی اتحاد سے متعلق کوئی آڈیو کال باہر نہیں آئے گی۔ سائفر سازش کے حوالے سے عمران خان کی آڈیو کال لیک کرنے کے پیچھے انٹیلی جنس ایجنسیاں ہیں اور ان کے ذریعے عمران خان کو جو پیغام دینا مطلوب تھا وہ دے دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی آڈیو لیکس وہ آخری تنکا ہیں جو اس پورے اونٹ کو بٹھا دیں گی۔

نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو "خبر سے آگے" میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ نواز شریف وطن واپسی کے لئے تیار بیٹھے ہیں، جیسے مریم نواز کی سزا ختم ہوئی اسی طرح نواز شریف کے خلاف دائر مقدمے بھی ان کے واپس آتے ہی ختم ہو جائیں گے۔ صرف اقامے والا کیس لمبا چل سکتا ہے اور اسے ختم ہونے میں بھی زیادہ سے زیادہ ایک سال لگے گا کیونکہ اب عدلیہ کے اندر بھی بہت سے دلیر جج آ چکے ہیں اور میڈیا میں بھی لوگ جسٹس کھوسہ پر اس فیصلے کی وجہ سے کڑی تنقید کر رہے ہیں۔

صوبہ پنجاب کی سیاسی صورت حال سے متعلق نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ جلد یا بدیر پنجاب میں مسلم لیگ (ن) حکومت قائم کر لے گی کیونکہ جب تک پنجاب میں ان کی حکومت نہیں بنتی وہ ملک میں اتنے مضبوط نہیں ہوتے۔ پنجاب میں حکومت کی تبدیلی سے متعلق کئی ممکنات ہیں۔ ہو سکتا ہے پرویز الہیٰ شہباز شریف اور آصف زرداری کے ساتھ ڈیل کرکے سائیڈ سوئچ کر لیں۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ (ق) لیگ کے ایم پی ایز چودھری شجاعت کے ساتھ جا کر کھڑے ہو جائیں۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ پنجاب میں گورنر راج لگا دیا جائے۔

نئے آرمی چیف کی تقرری سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ سب سے سینئر جرنیل کو آرمی چیف لگا کر یہ تنازعہ سے ختم کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان کی تاریخ گواہ ہے کہ اپنی پسند کا آرمی چیف کبھی بھی لگانے والوں کے حق میں اچھا ثابت نہیں ہوا۔ اس لئے پسند نا پسند کو چھوڑ کر سنیارٹی کی بنیاد پہ تعیناتی ہو جانی چاہئیے۔

پروگرام کے میزبان رضا رومی اور مرتضیٰ سولنگی تھے۔