Get Alerts

'چیف الیکشن کمشنر کی حیثیت ایک کلرک سے زیادہ نہیں'

'چیف الیکشن کمشنر کی حیثیت ایک کلرک سے زیادہ نہیں'
پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی حیثیت ایک کلرک سے زیادہ نہیں ہے۔

لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریکِ انصاف فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ایک اور ریفرنس چیف الیکشن کمشنر کے خلاف دائر کرنے جارہے ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر کو کام سے روکا جائے۔ اگر آپ نے الیکشن نہیں کرانے تو جا کر دال چاول فروخت کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی حیثیت ایک کلرک سے زیادہ نہیں ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ آج اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے گئے۔ حکومت کو الیکشن کرانے سے اتنا ہی ڈر ہے تو کوئی اور کام کر لے۔ یہ الیکشن کے نام سے اتنا گھبراتے ہیں۔

رہنما تحریکِ انصاف فواد چوہدری نے کہا کہ ناصرحسین اور شرجیل میمن نے ہمارے دو ایم پیز راشدہ بیگم اور فرحت فاروق سے رابطہ کیا اور ان کو رشوت کی آفر دی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ کرپٹ پریکٹس میں آتا ہے اور انتہائی سنگین جرم ہے۔ پی ٹی آئی کے لیے کچھ اور قانون ہے اور دیگر جماعتوں کے لیے کچھ اور ہے۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ناصر حسین اور شرجیل میمن کے خلاف پنجاب میں مقدمہ درج کیا جائے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا ہمارے رحیم یار خان سے ایم پی اے خواجہ مسعود جنہوں نے پرویز الٰہی کو ووٹ نہیں دیا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی نے انہیں نااہل ڈکلیئر کر دیا ہے اور  پی ٹی آئی نے بھی اس ضمن میں اپنی کارروائی مکمل کر لی ہے، ہم اس حوالے سے اسپیکر کو کہہ دیا ہے کہ خواجہ مسعود کو نااہل قرار دینے کے لیے الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیج دیں۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل کا معاملہ تو طے ہے۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل کریں گے۔