سلمان بولی وُڈ سپر اسٹار ہیں۔ 2008 کی عید ریلیز Wanted سے ان کا جو سپر اسٹارڈم شروع ہوا، اس پر اب سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔ پچھلے 17 سالوں سے ایسا نہیں ہوا کہ عید ہو، سلمان خان کی فلم تیار ہو مگر نہ لگے۔ سن 2026 کی عیدالفطر پر سلمان خان کی تیار فلم بیٹل آف گلوان سینما گھروں میں نمائش پذیر نہیں ہو گی بلکہ عید کے ایک ماہ بعد لگے گی۔
جیسا کہ سطورِ بالا میں لکھا گیا کہ پچھلے 17 سالوں سے عید پر بھائی جان کا راج ہوتا ہے۔ فلم چاہے بری ہی کیوں نہ ہو، مگر بھائی جان کی اسٹار پاور پہلے ہفتے تک اثر دکھاتی ہے، پرستار فلم دیکھنے جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کسی کا بھائی کسی کی جان اور سکندر جیسی کمزور فلمیں بھی دنیا بھر سے 150 کروڑ تک کمانے میں کامیاب رہی ہیں۔
بھائی جان کو ایک بلاک بسٹر فلم کی اشد ضرورت ہے۔ اگرچہ اس دوران بھارت اور ٹائیگر 3 جیسی کامیاب فلمیں دے چکے ہیں، مگر بلاک بسٹر فلم کی تشنگی تاحال برقرار ہے۔ توقع تھی کہ ان کی فلم بیٹل آف گلوان عید 2026 کو ریلیز ہو گی، مگر ایسا اس لیے نہیں ہوا کہ عید پر دھرندر 2 اور یش کی ٹاکسک ریلیز ہو رہی ہیں۔
دھرندر ون ابھی تک ہاؤس فل جا رہی ہے، دوسرا حصہ عید پر آ رہا ہے جس کو یقینی بلاک بسٹر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ رنویر سنگھ کا اسٹارڈم آسمان پر ہے۔ دوسری طرف کے جی ایف بوائے یش کی تین سال بعد سلور اسکرین پر واپسی ہو رہی ہے۔ فلم ٹاکسک کی ہائپ بہت بڑھ چکی ہے۔ دھرندر 2 اور ٹاکسک کے ٹکراؤ کو بھارتی سینما کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹکراؤ قرار دیا جا رہا ہے۔
اس صورتحال نے بھائی جان کو بیک فٹ پر کر دیا ہے۔ ان کی فلم بیٹل آف گلوان کا ٹیزر ریلیز کر دیا گیا ہے۔ فلم 17 اپریل 2026 کو ریلیز ہو گی۔ یہ فلم بھارت چین 2020 کی جنگ پر مبنی ہے، جس پر ایک کتاب India’s Most Fearless 3 بھی لکھی گئی تھی۔ فلم کی کہانی اسی کتاب سے لی گئی ہے۔ فلم کے ہدایتکار اپورووا لاکھیا ہیں۔
یہ فلم بیٹل آف گلوان اس لیے بھی دیگر وار فلموں سے مختلف ہے کہ اس فلم میں جنگ گولہ بارود سے نہیں بلکہ ہاتھوں اور ڈنڈوں سے لڑی گئی، کیونکہ 1996 میں بھارت اور چین کے درمیان ایک معاہدہ ہوا تھا جس میں طے پایا تھا کہ سرحدی جھڑپوں میں اسلحہ اور گولہ بارود استعمال نہیں ہو گا۔ بھارتی ناقدین نے بیٹل آف گلوان کے ٹیزر کی بہت تعریف کی ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ اس فلم کے ذریعے بھائی جان کے اسٹارڈم کی واپسی ہوتی ہے یا نہیں۔