Get Alerts

'عمران خان کا سقوط ڈھاکہ کی ویڈیو پوسٹ کرنا ملک توڑنے کی سازش ہے'

فیصل واؤڈا نے کہا کہ عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ کون ان کی ہدایت پر چلا رہا ہے، بات اس سے آگے نکل گئی ہے۔ پی ٹی آئی کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے ہونا شروع ہو گئے ہیں اور مزید ٹکڑے ہوں گے۔ عمر ایوب یا وہ لوگ جو اپنے آپ کو اس بیانیے سے لاتعلقی ظاہر کر رہے ہیں، یہ حکومت کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔

'عمران خان کا سقوط ڈھاکہ کی ویڈیو پوسٹ کرنا ملک توڑنے کی سازش ہے'

پاکستان تحریک انصاف نے پہلے 9 مئی کو اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری تھی اور اب عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ سے جو 1971 سے متعلق ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے اس کے ذریعے پی ٹی آئی نے اپنے پاؤں پر کلہاڑا مار دیا ہے۔ یہ سیاست نہیں، دہشت گردی اور ملک توڑنے کی سازش ہے۔ پی ٹی آئی کے لوگ ایک مافیا کی طرح آپریشنل ہو گئے ہیں۔ پی ٹی آئی اکیلے یہ سب کچھ نہیں کر رہی بلکہ ملک کے اندر کئی کالی بھیڑیں ہیں جو اس کے ساتھ ملی ہوئی ہیں۔ یہ کہنا ہے سینیٹر فیصل واؤڈا کا۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام 'کل تک' میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واؤڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اب ایسی حماقت کر دی ہے کہ عام لوگ جو عمران خان کی پارٹی کو پسند کرتے تھے وہ کہہ رہے ہیں کہ ہم اس مار دھاڑ اور ملک توڑنے کی سازش کا حصہ نہیں بن سکتے۔ اب انہوں نے ریورس گیئر لگائے ہوئے ہیں لیکن ریورس گیئر کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ پہلے 9 مئی کو پی ٹی آئی نے اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری تھی اور اب جو ایکس پر 1971 سے متعلق ویڈیو شیئر کی گئی ہے اس کے ذریعے پی ٹی آئی نے اپنے اوپر کلہاڑا دے مارا ہے ۔ میں نہیں سمجھتا کہ عمران خان کے پاس اڈیالہ جیل میں فون کی سہولت ہے تاہم ہو سکتا ہے کہ ان کا اکاؤنٹ کوئی اور چلا رہا ہے کیونکہ جب وہ جیل سے باہر تھے تب بھی ان کا اکاؤنٹ کوئی اور ہی چلاتا تھا۔

فیصل واؤڈا نے کہا کہ عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ کون ان کی ہدایت پر چلا رہا ہے، بات اس سے آگے نکل گئی ہے۔ بھارت بھی اسی بیانیے کو لے کر چل رہا ہے۔ تانے بانے مل گئے ہیں۔ اب اگر ہمارا ریاستی نظام اندھا بہرہ بننا چاہتا ہے تو اس کی مرضی ہے۔ اگر اس صورت حال میں اسٹیبلشمنٹ نے بھی اپنا رول ادا نہیں کیا تو پھر ہم پی ٹی آئی کے اس اقدام کو بھی اسی صف میں ڈالیں گے جس صف میں 9 مئی کے واقعات کو ڈالا تھا کیونکہ یہ سیاست نہیں دہشت گردی ہے۔ یہ اب خطرناک کام شروع ہو گیا ہے اور منطقی انجام تک پہنچ کر رہے گا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور رپورٹس کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

اُن کا کہنا تھا کہ یہ ملک توڑنے کی سازش ہے۔ پی ٹی آئی کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے ہونا شروع ہو گئے ہیں اور مزید ٹکڑے ہوں گے۔ عمر ایوب یا وہ لوگ جو اپنے آپ کو اس بیانیے سے لاتعلقی ظاہر کر رہے ہیں، یہ حکومت کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔ یہ ایسے ہی سیاست نہیں کر رہے بلکہ یہ ساری ڈرامے بازی ہے۔ اس ڈرامے بازی میں جو لوگ چیخ چیخ کر بول رہے ہیں وہ راتوں کو جا کر پاؤں پکڑ لیتے ہیں۔ اب آپ کو ایک فیصلہ کرنا پڑے گا۔ عمران خان ایک پاپولر لیڈر ہیں اس پر کسی کو اعتراض نہیں۔ وہ ان سب کی پرفارمنس اور نفرت کی وجہ سے زیادہ پاپولر ہیں جن کی شکلیں ہم آج کل دیکھ رہے ہیں۔ عمران خان پاپولر تو ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ ریاست کو آگ لگا دیں۔

سینیٹر فیصل واؤاڈا نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ ایک مافیا کی طرح آپریشنل ہو گئے ہیں۔ ایسا نہیں کہ پی ٹی آئی اکیلے یہ سب کر رہی ہے، اس کی پشت پناہی میں ملک کی بہت ساری کالی بھیڑیں موجود ہیں۔ اب ان کو ایکسپوز کرنے کا وقت آ گیا ہے اور وہ بہت جلد ایکسپوز ہوں گے جو جمہوریت کے ٹھیکیدار بنے ہوئے ہیں۔ ان سب کے اپنے مقاصد ہیں۔ وہ کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ حکومت مزے لے رہی ہے کہ دونوں ادارے آپس میں ٹکرا رہے ہیں، اداروں کی پی ٹی آئی سے لڑائی ہو رہی ہے تو ہم اپنی نااہلی چھپا کرمزے لیتے ہیں اور چپ چاپ اپنا ٹائم گزارتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست نے آٹھویں مرتبہ کہا ہے کہ 9 مئی کے ملزموں کو سزا دیں تو شاید ایک دو دفعہ اور بول دے گی۔ اس کے بعد پھر دیکھیں گے کیا ہوتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان اگرسپریم کورٹ میں سماعت کے دوران لائیو بولتے ہیں تو اس پر کوئی اعتراض نہیں۔ یہ عدالت کی مرضی ہے کہ کس کو دکھائے اور کس کو نہ دکھائے۔ عمران خان جب اقتدار میں تھے تب کہتے تھے کہ نواز شریف سزا یافتہ ہیں انہیں ٹی وی پر نہیں دکھایا جا سکتا مگر آج اپنے متعلق کہہ رہے ہیں کہ انہیں لائیو دکھایا جا سکتا ہے۔