Get Alerts

جیمز بانڈ کا یادگار کردار ادا کرنے والے اداکار شان کونری انتقال کر گئے

جیمز بانڈ کا یادگار کردار ادا کرنے والے اداکار شان کونری انتقال کر گئے

اسکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والے مشہور اداکار شان کونری 90 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ انہوں نے تجسس سے بھرپور معروف فلم سیریز ‘ جیمز بانڈ‘ کی ابتدائی 7 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور جیمز بانڈ کے کردار کو ساری زندگی کیلئے ’امر‘ کردیا۔


شان کونری ایڈن برگ کے ایک غریب گھرانے میں پیدا ہوئے اور فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے تابوت کو پالش کرنے، دودھ فروشی اور لائف گارڈ کی نوکری بھی کرتے رہے تاہم باڈی بلنڈنگ کا شوق انہیں فلمی دنیا میں لے جانے کا سبب بنا اور وہ تاریخ کے عظیم اداکاروں کی فہرست میں شامل ہوگئے۔


خاندانی ذرائع کے مطابق وہ کافی عرصے علیل تھے اور رات گئے گھر پر ہی انتقال کرگئے۔ میڈیا روپرٹس کے مطابق ان کا کیریئر تقریباً تین دہائیوں پر محیط تھا اور اس دوران انہوں نے درجنوں فلموں میں کام کیا۔
ان کے بہت سے ایوارڈز میں آسکر، دو بافتا (Bafta) ایوارڈز اور تین گولڈ گلوبز (Golden Globes) شامل ہیں۔ سر شان کونری کی دیگر فلموں میں دی ہنٹ فار ریڈ اکتوبر (The Hunt for Red October)، انڈیانا جونز (Indiana Jones)، لاسٹ کروسیڈ (Last Crusade) اور دی راک (The Rock) شامل ہیں۔ تاہم ان کی وجہ شہرت جیمز بانڈز 007 کا معروف کردار بنا۔

شان کونری کو 1988 میں The Untouchables نامی فلم میں بہتری معاون اداکار کی کیٹیگری میں آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا جب کہ سن 2000 میں ملکہ برطانیہ نے انہیں سر کے خطاب سے نوازا تھا۔