شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور دیگر گرفتار رہنماؤں کی بازیابی کے لئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع

شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور دیگر گرفتار رہنماؤں کی بازیابی کے لئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین حسین قریشی نے اپنے والد کی بازیابی کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ شاہ محمود قریشی کو کل حراست میں لیا گیا تھا۔ بتایا نہیں گیا کہ کہاں لے جا رہے ہیں۔ انہیں حبس بے جا میں رکھا گیا ہے۔ آئی جی اور سی سی پی او نے تحریک انصاف کے قائدین کو گرفتار کیا گیا۔ قائدین کو کھانا اور ادویات بھی فراہم نہیں کی گئیں۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ قائدین کو مال روڈ سے پکڑ کر پہلے کیمپ جیل پھر کوٹ لکھپت جیل لے جایا گیا۔ قائدین کا غیر قانونی حراست میں رکھا گیا ہے۔

درخواست گزار نے کہاکہ شہرت اور ذات کو نقصان پہنچانے کے لئے جھوٹے کیس بنائے جاسکتے ہیں۔

زین حسین قریشی نے درخواست میں اپنے والد شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیش کروانے کی استدعاکی۔

درخواست میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم، آئی جی اور سی سی پی او کو فریق بنایا گیا ہے۔

شاہ محمود قریشی کے علاوہ اسد عمر،  اعظم سواتی، عمر سرفراز چیمہ، ڈاکٹر مراد راس ، ولید اقبال اور دیگر گرفتاری دینے والے رہنماؤں کی بارزیابی کے لئے بھی درخواست دائر کر دی گئی۔ پی ٹی آئی رہنماؤں  کی بازیابی کی درخواست تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چودھری نے دائر کی۔

گزشتہ روز پی ٹی آئی کی جانب سے جیل بھرو تحریک کا آغاز کیا گیا اور پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی ، جنرل سیکرٹری اسد عمر سمیت کئی رہنماؤں اور 80 سے زائد کارکنوں نے رضاکارانہ گرفتاریاں پیش کیں۔ گرفتاری دینے والے رہنماؤں اور کارکنان کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل انتظامیہ کی جانب سے جیل بھرو تحریک کے تحت گرفتار پی ٹی آئی رہنماؤں کو دوسرے شہر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کارکنوں کو ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر سمیت دیگر جیلوں میں منتقل کیا جائے گا۔ لاہور کی جیلوں میں گنجائش کم ہونے کی وجہ سے قیدیوں کو منتقل کیا جارہا ہے۔پولیس کی سخت سیکیورٹی میں کارکنوں کو لے جایا جائے گا۔

پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل اس عمر کو راجن پور جیل جبکہ شاہ محمود قریشی کو ڈسٹرکٹ اٹک جیل منتقل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر مراد راس کو ڈی جی خان جیل اور محمد خان مدنی کوبہاولپور جیل  منتقل کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی جانب سے جیل بھرو تحریک کا آغاز کل سے صوبائی دارالحکومت لاہور سے کیا گیا۔ تحریک کے پہلے روز پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی ، جنرل سیکرٹری اسد عمر سمیت کئی رہنماؤں اور 80 سے زائد کارکنوں نے رضاکارانہ گرفتاریاں پیش کیں۔ گرفتاری دینے والے رہنماؤں اور کارکنان کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا ہے۔