چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والے کرونا وائرس نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کی تباہ کاریوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اسی دوران نیویارک سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا گیا ہے کہ ایک مقامی ہسپتال کے باہر ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کو ایک فورک لفٹ کی مدد سے ٹرک میں رکھا جا رہا ہے۔
ویڈیو بنانے والے شخص کو ویڈیو میں پیغام دیتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، جس میں وہ کہہ رہا ہے کہ میرا خیال ہے کہ اب آپ لوگ اس کو سنجیدگی سے لو گے، یہ حقیقت ہے، آپ سب گھروں میں رہیں۔
اس کے علاوہ ایک اور ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہے جس میں ہسپتال کے سٹاف ممبر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کو ایک ٹرک میں رکھا جا رہا ہے جو ان کے لئے سرد خانے کا کام کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ پیر کے روز نیویارک میں کرونا وائرس کی وجہ سے 914 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ہسپتال حکام کا اس بارے میں کہنا تھا کہ ایک ہی دن میں اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی ہلاکت ہمارے لئے تشویشناک ہے اور ہلاک ہونے والے افراد کے گھر والوں کو بھی فوری طور پر لاش نہیں دے سکتے کیونکہ وہ بھی ہنگامی صورتحال میں کچھ انتظامات نہیں کر سکتے، اس لئے ہم ٹرکوں کو عارضی طور پر سرد خانوں کی طرح استعمال کرنے پر مجبور ہیں تا کہ ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کو یہاں رکھا جا سکے۔