Get Alerts

پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 20 روپے فی لیٹر کا اضافہ

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت اضافے کے بعد 273 روپے 40 پیسے اور پیٹرول کی نئی قیمت 272 روپے 95 پیسے ہوگئی۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔

پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 20 روپے فی لیٹر کا اضافہ

وفاقی حکومت نے عوام پر بڑا پیٹرول بم گرادیا، فی لیٹر 19 روپے 95 پیسے کا بڑا اضافہ کیا گیا ہے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا۔ 

وزیر خزانہ خزانہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 90 پیسے اور پیٹرول کی قیمت میں 19 روپے 95 پیسے کا اضافہ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت اضافے کے بعد 273 روپے 40 پیسے اور پیٹرول کی نئی قیمت 272 روپے 95 پیسے ہوگئی۔

 پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ گزشتہ دنوں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور اوگرا کے ساتھ تیل کی قیمتوں کے بارے میں مشاورت ہوئی لہٰذا ملکی مفاد سامنے رکھتے ہوئے قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے البتہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ عوام کے لیے جو بہتر ہوسکتا ہے وہ کرنا چاہیے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہم آئی ایم ایف کے پروگرام میں ہیں اور سب کو پتا ہے کہ سٹینڈ بائی معاہدہ ہوا ہے۔ ماضی میں بھی یہی مسئلہ ہوا کہ حکومت نے جاتے ہوئے معاہدوں کو پورا نہ کیا اس لیے ہماری آئی ایم ایف کے ساتھ پیٹرولیم لیوی سے متعلق کمٹمنٹ ہے۔اگر وہ کمٹمنٹس نہ ہوتیں تو پھر ایک ہی راستہ تھا کہ اس میں کچھ کمی کرکے یا پھر جتنی وزیراعظم اجازت دیتے تو کم سے کم اس میں اضافے کا اعلان کرتے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات یعنی 31 جولائی کو پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا جانا تھا، گزشتہ 15 روز کے دوران عالمی مارکیٹ میں پیٹرلیم مصنوعات کی قیمتوں میں بہت زیادہ اضافہ ہوا، 16 جولائی کو ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی بیرل قیمت 96 ڈالر تھی جو کل 31 جولائی کو بڑھ کر 111 اشاریہ 46 ڈالر فی بیرول ہوگیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اسی طرح 16 جولائی کو پیٹرول فی بیرل 89 پوائٹ 14 ڈالر فی بیرل تھا جو بڑھ کر 97 اشاریہ 39 ڈالر ہوگیا۔