190ملین پاؤنڈسکینڈل: عمران خان اور بشریٰ بی بی سمیت دیگر ملزمان کیخلاف نیب ریفرنس دائر

نیب راولپنڈی کی جانب سے دائر ریفرنس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے علاوہ بشری بی بی، فرح گوگی، بیرسٹر ضیا مصطفی، ذلفی بخاری اور سابق مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر سمیت دیگر شامل ہیں۔

190ملین پاؤنڈسکینڈل: عمران خان اور بشریٰ بی بی سمیت دیگر ملزمان کیخلاف نیب ریفرنس دائر

190ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں قومی احتساب بیورو ( نیب) نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان، بشریٰ بی بی اور فرح گوگی سمیت دیگرملزمان کے خلاف ریفرنس دائرکردیا۔

نیب راولپنڈی نے احتساب عدالت اسلام آباد میں سابق وزیراعظم عمران خان، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور دیگر ملزمان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل (القادر ٹرسٹ) میں ریفرنس دائر کر دیا ہے۔ 

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم کے ہمراہ عدالت میں ریفرنس دائر کیا اور احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس نے ریفرنس کی جانچ پڑتال شروع کردی ہے۔

نیب راولپنڈی کی جانب سے دائر ریفرنس میں کل 8 ملزمان کے نام دیے گئے ہیں۔ جن میں چیئرمین پی ٹی آئی کے علاوہ بشری بی بی، فرح گوگی، بیرسٹر ضیا مصطفی، ذوالفقارعلی (ذلفی) بخاری اور شہزاد اکبر سمیت دیگر شامل ہیں۔

یہ کیس بنیادی طور پر برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کی جانب سے واپس بھیجی گئی رقم کے غیرقانونی تصفیہ اور القادر یونیورسٹی کی تعمیر کے لیے زمین کے غیر قانونی حصول سے متعلق ہے۔

نیب کی جانب سے دائر 190 ملین پاونڈز کرپشن ریفرنس  میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شہزاد اکبر پر ملی بھگت کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ریفرنس کے مطابق اس وقت کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے 2 دسمبر 2019 کو گمراہ کن نوٹ تیار کیا۔ رجسٹرار سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ کو ریاست پاکستان کا اکاؤنٹ ظاہر کیا گیا اور چیئرمین پی ٹی آئی پورے منصوبے سے واقف تھے۔

ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے شریک ملزم سے 458 کنال زمین لے رکھی تھی۔ جب زمین دی گئی القادر ٹرسٹ کا کوئی وجود نہیں تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو فائدہ دے کر شریک ملزم کو 190 میں سے 171ملین پاؤنڈ کے اکیلے بینفشری بن گئے۔

نیب نے اپنے ریفرنس میں مزید کہا کہ ریکارڈ سے ثابت ہوا شریک ملزم کی 2019 میں خریدی زمین ذلفی بخاری کو منتقل ہوئی۔ نیب نے ریفرنس میں ملزمان کا ٹرائل کرکے سزا دینے کی استدعا کی ہے۔

علاوہ ازیں نیب نے   ریفرنس کے ساتھ چیئرمین پی ٹی آئی اور مرزا شہزاد اکبر کے وارنٹ گرفتاری بھی منسلک کیے ہیں۔ علاوہ ازیں ضیا مصطفیٰ ، فرح گوگی اور ذلفی بخاری کے وارنٹ گرفتاری بھی ریفرنس کا حصہ ہیں۔

گزشتہ روز (30 نومبر) 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی نے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں درخواست ضمانت بعد از گرفتاری دائر کی تھی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل لطیف کھوسہ، انتظار پنجوتھا اورعلی اعجاز نے درخواست دائر کی۔ جس میں چیئرمین نیب اور ڈائریکٹر جنرل نیب کو فریق بنایا گیا۔

درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا کہ درخواست گزار سابق وزیراعظم اور معروف کرکٹر رہ چکے ہیں۔ ان کے خلاف سیاسی بنیادوں پر ان کی شہرت کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ 190 ملین پاؤنڈز سکینڈل کیس کے فیصلے تک عمران خان کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی جائے۔

جج محمد بشیر نے درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔ اور سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ اڈیالہ جیل میں قید چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نیب نے اس کیس میں بھی گرفتار کر رکھا ہے اور وفاقی کابینہ نے سائفر سمیت دیگر کرپشن کیسز کے جیل ٹرائل کی منظوری دے دی ہے۔