الطاف حسین شدید علیل،کرونا وائرس کے شبے میں ہسپتال داخل، دعاؤں کی اپیل

الطاف حسین شدید علیل،کرونا وائرس کے شبے میں ہسپتال داخل، دعاؤں کی اپیل
متحدہ قومی موومنٹ کے بانی الطاف حسین گزشتہ کئی روز سے علیل ہیں اور ڈاکٹروں نے انہیں سیاسی سرگرمیاں معطل کرکے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

ان کی طبعیت کے حوالے سے یہ اطلاعات بھی سامنے آرہی ہیں کہ وہ کرونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں تاہم اس حوالے سے ایم کیو ایم کی جانب سے تصدیق نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے 23 جنوری کو ایک ٹوئٹ کی گئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی طبیعت ناساز ہے اور ڈاکٹروں نے چیک اپ کے بعد انہیں سیاسی سرگرمیاں معطل کرکے آرام کا مشورہ دیا ہے۔ 

ایم کیو ایم کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ہی 31 الطاف حسین کے ایک آڈیو بیان کا لنک بھی جاری کیا گیا۔

اپنے اس آڈیو پیغام میں الطاف حسین کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ میں گزشتہ 20 دنوں سے ہسپتال میں انتہائی نگہداشت وارڈ میں آئی سی یو میں داخل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے ہر حصے سے دعائیں کی جارہی ہیں اور ان دعاؤں کی وجہ سے میں قابل ہوسکا کہ آپ کو یہ بتا سکوں اور ہفتہ 30 جنوری کو یہ بیان ریکارڈ کروا رہا ہوں، آپ لوگ اور دعا کریں۔ اللہ پر بھروسہ ہے وہ آپ سب کی دعائیں سنے گا اور میں جلد صحتیابی کے بعد بات کروں گا‘۔

الطاف حسین نے کہا کہ ’اللہ سب کو اس بیماری کووڈ 19 سے محفوظ رکھے۔  سب لوگ احتیاط کریں اور ایک دوسرے کا خیال رکھیں۔