Get Alerts

عام انتخابات ہر صورت 8 فروری کو ہی ہوں گے: الیکشن کمیشن

نگران وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے کہا کہ انتخابات کے انعقاد پر کسی کو کوئی شکوک و شبہات نہیں ہونے چاہئیں۔ نگران حکومت اور الیکشن کمیشن ہر صورت الیکشن کا انعقاد یقینی بنائیں گے۔ عوام اطمینان سے اپنا ووٹ کاسٹ کریں۔ اس الیکشن سے ملک میں استحکام آئے گا۔

عام انتخابات ہر صورت 8 فروری کو ہی ہوں گے: الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر انتخابات کے انعقاد سے متعلق بے یقینی کی صورتحال کو ختم کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی ہے کہ عام انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے۔

بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی صورتحال پر چیف سیکرٹریز نے بریفنگ دی اور رپورٹ پیش کی۔ اس میں حساس اداروں کے نمائندگان، وزیر داخلہ گوہر اعجاز اور سیکریٹری داخلہ آفتاب درانی بھی شریک تھے۔

نگران وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے امن و امان کے حوالے سے بریفنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عام انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے۔ اس پر کسی کو کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے۔ نگران حکومت اور الیکشن کمیشن ہر صورت الیکشن کا انعقاد یقینی بنائیں گے۔

نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ نگران حکومت کو جو ذمہ داری ملی وہ اس میں سرخرو ہوگی۔ سیکیورٹی اداروں نے چاروں صوبوں میں سیکیورٹی کے بہتر انتظامات کر رکھے ہیں۔ عوام اطمینان سے اپنا ووٹ کاسٹ کریں۔ اس الیکشن سے ملک میں استحکام آئے گا۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

ان کا کہنا تھا کہ انتخابات ملتوی کرنے کے حوالے سے کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے۔ کوئی سیاسی تناؤ نہیں ہے۔ہم مطمئن ہیں۔بلوچستان میں ہونے والے واقعات دہشتگردی سے جڑے ہیں۔ اس کا کوئی سیاسی حوالے سے تعلق نہیں ہے۔ بلوچستان میں کسی قسم کی کوئی سیاسی پولزائزیشن نہیں۔ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بدامنی کے واقعات ڈرانے کے لیے کیے گئے ہیں۔ بلوچستان میں ہمارا زیادہ بڑا چیلنج دہشتگردی ہے۔ سیکیورٹی ادارے جس طرح ملک کی حفاظت کر رہے ہیں وہ قابل فخر ہے۔

گوہر اعجاز نے کہا کہ بلوچستان سے ہو کر آیا ہوں وہاں امن و امان کی صورتحال بر قرار ہے۔ ہم الیکشن کے لیے پورے ملک میں سیکیورٹی دیں گے۔

واضح  رہےکہ خیبر پختونخوا میں ایک امیدوار کی ہلاکت اور بلوچستان میں بے امنی کے واقعات کے بعد الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس طلب کیا گیا تھا۔

اجلاس میں خیبر پختوانخوا اور بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا۔ دونوں صوبوں میں سیکیورٹی کی صورتحال پر متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کی گئی تھی۔

اس سے قبل چیف الیکشن کمشنر نے کہا تھا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں الیکشن ملتوی کرنےکاکوئی امکان نہیں ہے جبکہ نگران وزیر داخلہ گوہر اعجاز کا کہنا تھا یقینی بنایا جا رہا ہےکہ انتخابات کیلئے پرامن اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔