مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی لاہور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 سے کاغذات کی منظوری کے خلاف الیکشن ٹریبونل میں اپیل دائر کردی گئی۔ اسکے علاوہ خیبر پختونخوا کے حلقہ این-اے 15 سے بھی نواز شریف کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کو الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کردیا گیا۔
پاکستان عوامی محاذ کے سربراہ اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ نے این اے 130 لاہور سے نواز شریف کے کاغذات کی منظوری کے خلاف الیکشن ٹریبونل میں اپیل دائر کردی۔
اشتیاق چودھری نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ نواز شریف کو سپریم کورٹ نے تاحیات نااہل قرار دیا۔ اس لیے نواز شریف الیکشن لڑنے کے اہل نہیں ہیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ ریٹرننگ افسر نے حقائق کے برعکس نواز شریف کے کاغذات منظور کئے اور استدعا کی کہ نواز شریف کے کاغذات نامزدگی مسترد کرکے انہیں نااہل قرار دیا جائے۔
خیبر پختونخوا سے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل وقار خان ایڈووکیٹ نے دائر کی۔ اپیل کنندہ نے مؤقف اپنایا کہ نوازشریف کو سپریم کورٹ نے تاحیات نا اہل قرار دیا ہے۔ وہ الیکشن لڑنے کے اہل نہیں ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف بھی ریٹرننگ افسر کے پاس خود حاضر نہیں ہوئے لہذا ان کے کاغذات مسترد کیے جائیں۔ اپیل میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ریٹرننگ افسر نے حقائق کے برعکس نواز شریف کے کاغذات منظور کیے ہیں۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 130 سے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے کاغذات نامزدگی گزشتہ روز منظور کیے گئے تھے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما بلال یاسین نے دعویٰ کیا تھا کہ این سے 130 لاہور سے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے کاغذات پر کسی نے کوئی اعتراض دائر نہیں کیا۔
نوازشریف نے لاہور کے حلقے این اے 130سے نامزدگی جمع کرائے جہاں ان کا مقابلہ پی ٹی آئی کی رہنما یاسمین راشد سے ہوگا۔