برمنگھم:آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے اہم میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو شکست دیدی جس کے بعد شائقین نے پاکستان کی بنگلا دیش کیخلاف فتح اور انگلینڈ کی نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کی امیدیں لگا لی ہیں۔
اگر انگلش ٹیم کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست ہوتی ہے اور پاکستان بنگلادیش کو ہرا دیتا ہے تو گرین شرٹس سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرجائیں گے، اگر ایسا نہیں ہوتا تو انگلش ٹیم کی جیت کی صورت میں پاکستان اگر بنگلادیش کو ہرا دیتا ہے تو نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان سیمی فائنل میں رسائی کا فیصلہ رن ریٹ پر ہوگا۔ اکستان کا نیٹ رن ریٹ منفی صفر اعشاریہ792ہے جبکہ نیوزی لینڈ کا رن ریٹ مثبت صفر اعشاریہ 572ہے۔
سری لنکن ٹیم ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے جب کہ افغانستان، جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں پہلے ہی واپسی کا سامان باندھ چکی ہیں۔
آسٹریلیا واحد ٹیم ہے جو 8 میچز کھیل کر 14 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بناچکی ہے اور مزید 3 ٹیموں کو سیمی فائنل کھیلنے کے لیے آگے آنا ہے لیکن مقابلے میں 5 ٹیمیں ہیں۔
بھارت 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے اور اس کے پاس 2 میچز باقی ہیں، نیوزی لینڈ 8 میچز میں گیارہ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور انگلینڈ 8 میچز میں 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے اور دونوں ٹیموں کے پاس ایک ایک میچ ہے۔
پاکستان ٹیم 8 میچز میں 9 پوائنٹس حاصل کر کے پانچویں، بنگلادیشی ٹیم 7 میچز میں 7 اور سری لنکن ٹیم 7 میچز میں 6 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔