حریم شاہ کی شادی کی تصاویر، میک اپ آرٹسٹ نے ٹک ٹاکر کے شادی کے دعووں کا پردہ فاش کردیا

حریم شاہ کی شادی کی تصاویر، میک اپ آرٹسٹ نے ٹک ٹاکر کے شادی کے دعووں کا پردہ فاش کردیا
پاکستان میں سوشل میڈیا پر کئی دنوں سے مشہور ٹک ٹاکر حریم شاہ کی مبینہ شادی کے چرچے ہیں۔ جہاں ان کے انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر عروسی جوڑوں میں تصاویر وائرل ہوئی وہیں انہوں نے بھی سندھ اسمبلی کے رکن سے شادی کا دعویٰ کر کے اس آگ میں اور تیل ڈالا۔

تاہم حریم شاہ کا فوٹو شوٹ کرنے والوں اور خود ان سے بات چیت میں معلوم ہوا ہے کہ عروسی جوڑے میں تصاویر تو دراصل ایک بیوٹی پارلر کشف کی تشہیر کے مقصد سے لی گئی تھیں۔ اس فوٹو شوٹ کا بندوبست کراچی میں رہنے والی حریم شاہ کی کزن نے کروایا تھا اور اس کا ان کی شادی سے کوئی تعلق نہیں۔

تاہم اب حریم شاہ کی ان تصاویر سے متعلق میک اپ آرٹسٹ نے حقیقت بیان کر دی۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے میک اپ آرٹسٹ کشفانہ نے بتایا کہ یہ تصاویر میرے بیوٹی سیلون کی تشہیر کے لیے کروائے گئے فوٹو شوٹ کی ہیں جس کے لیے لباس، میک اپ اور یہاں تک کے فوٹو شوٹ کی لوکیشن بھی میری طرف سے فراہم کی گئی تھی اور حریم شاہ کو اس کے لیے معاوضہ بھی دیا گیا تھا۔

کراچی میں ایک سیلون کی مالک کشفانہ نے بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں گلشن اقبال میں اپنا سیلون کھولا ہے جس کی تشہیر کے لیے انہوں نے حریم سے بات کی اور انہیں معاوضہ بھی دیا۔ ان کے بقول فوٹو شوٹ کے بعد انہوں نے اپنے سیلون کے انسٹاگرام پیج پر بھی حریم کی تصاویر شائع کی تھیں۔

بی بی سی کے مطابق کشفانہ کے دعوے سے متعلق جب حریم شاہ سے رابطہ کیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر کے بارے میں دریافت کیا گیا کہ آیا یہ تصاویر ان کی شادی کی ہیں تو حریم شاہ کا دعویٰ تھا کہ یہ تصاویر ان کے نکاح کی ہیں۔ جب حریم شاہ کو آگاہ کیا گیا کہ میک اپ آرٹسٹ کشفانہ کا دعویٰ ہے کہ یہ تصاویر ان کے سیلون کی تشہیر کے لیے کیے گئے فوٹو شوٹ کی ہیں تو اس پر حریم شاہ کا کہنا تھا کہ وہ نہیں جانتیں کہ کن تصاویر کی بات ہو رہی ہے ۔

حریم شاہ نے کہا کہ میں خود اپنے نکاح کی تصاویر بی بی سی کو بھیج رہی ہوں جس کے بعد انہوں نے بی بی سی کو تصاویر بھیجیں۔ بی بی سی کے مطابق حریم شاہ کی طرف سے جو تصویر بی بی سی کو بھیجی گئی وہ بھی ان کے سوشل میڈیا پر موجود تھی اور بی بی سی نے اس تصویر کی میک آپ آرٹسٹ فرح حیدر سے رابطہ کیا تو ان کا بھی کہنا تھا کہ یہ تصاویر ان کے بیوٹی سلون کی تشہیر کے لیے کیے گئے فوٹو شوٹ کی ہیں جس کے لیے لباس، میک آپ اور لوکیشن ان کی طرف سے فراہم کیا گیا تھا جبکہ حریم شاہ اور ان کی دوست سندل خٹک کو اس کے لیے معاوضہ بھی دیا گیا تھا۔

 

حریم شاہ کی طرف سے بی بی سی کو بھیجی گئی تصویر
حریم شاہ کی طرف سے بی بی سی کو بھیجی گئی تصویر


 

اس سے قبل حریم شاہ کی شادی کی قیاس آرائیاں تب شروع ہوئیں جب انہوں نے گذشتہ ہفتے اپنے انسٹاگرام پر ایک تصویر لگائی جس میں ایک خاتون اور مرد کا ہاتھ تھا اور ان میں انگوٹھیاں تھیں۔ تاہم انہوں بعد میں یہ تصویر ڈیلیٹ کر دی۔

اس تصویر کے بعد سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کئی اراکین نے اپنے ہاتھ کھڑے کر دیے ہیں اور اپنے ہاتھوں پر پہنی ہوئی انگوٹھی اور گھڑی دکھا کر وضاحتیں پیش کی کہ حریم کی شادی ان سے نہیں ہوئی۔ اس حوالے سے سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی اور سندھ حکومت کے ترجمان ناصر حسین شاہ نے اپنی اپنی پریس کانفرنسوں کے دوران ذرائع ابلاغ کو اپنے ہاتھ ہوا میں لہرا کر دکھائے۔

ان قیاس آرائیوں کے باعث حریم شاہ کے ایک دوست اور بزنس مین حسن اقبال منظرعام پر آئے اور انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس تصویر میں ہاتھ ان کا ہے اور یہ تصویر بھی ان ہی کی ہے۔ لیکن انہیں نہیں معلوم کہ حریم نے یہ تصویر کیوں لگائی۔

حسن اقبال کو حریم کے ساتھ کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ میں کئی ویڈیوز میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ اس کے بعد گذشتہ ہفتے ہی حریم نے 18 جون کو کچھ تصاویر شیئر کی جن میں انہوں نے شادی کا جوڑا اور میک اپ کیا ہوا تھا۔

ان تصاویر سے میڈیا سمیت سوشل میڈیا پر طوفان برپا ہو گیا اور ان کی شادی کی افواہیں پھیلنا شروع ہو گئیں۔ انہوں نے پیر کو جیو نیوز کو ایک انٹرویو میں تصدیق کی کہ ان کی شادی پیپلز پارٹی کے ایک رکن اسمبلی سے ہوئی ہے، تاہم کوششوں پر بھی انہوں مبینہ شوہر کا نام ظاہر نہیں کیا۔