معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ نے رکن سندھ اسمبلی سے شادی کر لی

معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ نے رکن سندھ اسمبلی سے شادی کر لی
معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سے شادی کر لی۔ حریم شاہ نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں شادی کی تصدیق کی ہے۔

حریم شاہ نے جیو ڈاٹ ٹی وی سے گفتگو کےدوران اپنی شادی کی تصدیق کی، ساتھ ہی بتایا تھا کہ وہ کچھ عرصے بعد تمام تفصیلات عام کردیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی سے شادی کر لی ہے تاہم فی الحال حریم شاہ کی جانب سے شوہر کا نام نہیں بتایا گیا۔ حریم شاہ کا کہنا ہے کہ وہ جلد شوہر کا نام اور شادی کی تفصیلات کے حوالے سے جلد ہی مداحوں کو آگاہ کریں گی۔

حریم شاہ نے حال ہی میں انسٹاگرام پر بھی مبینہ طور پر شوہر کے ساتھ ہاتھوں کی تصویر شئیر کرتے ہوئے خدا کا شکر ادا کیا تھا۔انہوں نے کیپشن میں الحمد اللہ لکھا تھا تاہم ٹک ٹاک اسٹار نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ جن کا ہاتھ تھامے ہوئے ہیں وہ ان کے شوہر ہیں یا کوئی اور۔

بعدازاں حریم شاہ کے اکاؤنٹ سے اس پوسٹ کو بھی ڈیلیٹ کر دیا گیا۔سوشل میڈیا پر حریم شاہ کی خبر سامنے آنے کے بعد صارفین نے اندازے لگانا شروع کر دئیے ہیں کہ آیا ان سے شادی کرنے والا سیاستدان کون ہیں۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے میرپورخاص سے منتخب ہونے والے رکن سندھ اسمبلی سید ذوالفقار علی شاہ نے سوشل میڈیا پر ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ سے متعلق چلنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں اپنے خلاف سازش قرار دے دیا۔

سید ذوالفقار علی شاہ نے اپنے فیس بک پیج پر اردو میں وضاحتی بیان جاری کیا کہ حریم شاہ سے منسوب ان سے متعلق پھیلائی جانے والی خبریں جھوٹی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کے حوالے سے جھوٹی خبریں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن اسمبلی حلیم عادل شیخ اور ان کے میڈیا کوآرڈینیٹر صدام کنبھار چلا رہے ہیں۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کی رہنما شہیلا رضا نے حریم شاہ کی شادی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر حریم شاہ کی شادی ہوئی ہے تو یہ شرعی بات ہے۔ہمیں حق نہیں پہنچتا ہم اس پر بات کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ میرے علم میں نہیں کہ حریم شاہ نے کس سے شادی کی۔