Get Alerts

پی ٹی آئی کے منحرف ارکان صوبائی اسمبلی کی اپیلیں سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر

پی ٹی آئی کے منحرف ارکان صوبائی اسمبلی کی اپیلیں سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کی اپیلیں سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کردی گئیں۔

ذرائع کے مطابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 5 جولائی کو سماعت کرے گا،جسٹس امین الدین خان اور جسٹس محمد علی مظہر بھی بینچ میں شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ نے مقدمے کے فریقین کو نوٹس جاری کردیا۔

واضح رہے کہ عائشہ نواز اور عظمیٰ کاردار سمیت دیگر نے الیکشن کمیشن کا ڈی سیٹ کرنے کا فیصلہ چیلنج کر رکھا ہے۔

دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ کے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق فیصلے کے خلاف پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) اور مسلم لیگ ق نے پٹیشنز تیار کر لیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) اور مسلم لیگ ق کی جانب سے آج سپریم کورٹ میں ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف پٹیشنز دائر کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے انتخابی عمل کے بائیکاٹ کرنے کے آپشن پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

اپوزیشن اتحاد کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج صبح 11 بجے پنجاب اسمبلی میں ہو گا۔