بھارت میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے ذمہ دار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہیں، بھارتی رکن پارلیمنٹ کا الزام

بھارت میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے ذمہ دار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہیں، بھارتی رکن پارلیمنٹ کا الزام
بھارت کے ایک رکن پارلیمنٹ سنجے راوت کا کہنا ہے کہ بھارت میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے ذمہ دار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہیں جنہوں نے رواں برس کے اوائل میں بھارت کا دورہ کیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی گجرات آمد کے موقع پر جو پرہجوم استقبالیہ پروگرام منعقد کیا گیا اور جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی، وہیں سے کرونا وائرس پھیلا ہے۔

ایک مراٹھی اخبار میں لکھے گئے اپنے کالم میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دوست ٹرمپ کے لیے منعقدہ اس استقبالیہ تقریب کی وجہ سے گجرات میں کرونا وائرس پھیلا ہے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے رواں برس 24 اور 25 فروری کو بھارت کا 2 روزہ دورہ کیا تھا۔ دورے کے دوران ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کے ایک بڑے سٹیڈیم میں ان کے لیے استقبالیہ پروگرام منعقد کیا گیا تھا جس میں لاکھوں لوگوں کو جمع کیا گیا تھا اور نمستے ٹرمپ کے نعرے لگوائے گئے تھے۔

سنجے راوت نے لکھا کہ اس بات سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ ٹرمپ کے ساتھ آنے والے کچھ مندوبین نے ممبئی اور دہلی کا دورہ کیا تھا اور انہی کی وجہ سے گجرات میں کرونا وائرس تیزی سے پھیلا۔

مہاراشٹر میں صدر راج کے نفاذ کا مطالبہ کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سنجے نے لکھا کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ پر تشویش ملک گیر سطح پر ہونی چاہیے۔ مہاراشٹر میں وبا کے پھیلنے پر صدر راج کے نفاذ کا مطالبہ کرنے والے اس وقت بھی سیاست کر رہے ہیں۔