پیٹرول 4روپے 13 پیسے مزید مہنگا

پیٹرول کی قیمت میں اضافے کی وجہ بین الاقوامی قیمتوں، امپورٹ پریمیئم اور ایکسچینج ریٹ میں معمولی ایڈجسٹمنٹ ہے۔

پیٹرول 4روپے 13 پیسے مزید مہنگا

نگران حکومت نے جاتے جاتے پیٹرول کی قیمت میں چار روپے کا اضافہ کردیا۔

فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قیمت میں اضافے کے بعد فی لیٹر پیڑول 279 روپے 75 پیسے کا ہوگیا۔

پیٹرول کی قیمت میں اضافے کی وجہ بین الاقوامی قیمتوں، امپورٹ پریمیئم اور ایکسچینج ریٹ میں معمولی ایڈجسٹمنٹ ہے۔

پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 13 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔

حکومت نے ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 287 روپے 33 پیسے برقرار رکھی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل آئل ایک روپے 14 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا جس کے بعد ڈیزل آئل کی نئی قیمت 170 روپے 30 پیسے مقرر ہوگئی۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

مٹی کا تیل ایک روپے 44 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا جس کے بعد نئی قیمت 190 روپے ایک پیسہ فی لیٹر مقرر ہوگئی۔ 

یاد رہے نگران وفاقی حکومت نے 15 فروری کو بھی  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2روپے 73 پیسے کااضافہ کیا،ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 8روپے 37 پیسے کااضافہ کیا گیا تھا۔

دوسری جانب ملک میں پیٹرول کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے سات ماہ میں سالانہ بنیادوں پر سات فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

او سی اے سی کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کے پہلے سات ماہ میں ملک میں 4.18 ملین ٹن پیٹرول کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں سات فیصد کم ہے۔گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 4.58 ملین ٹن پیٹرول کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔

جنوری کے دوران ملک میں 0.61 ملین ٹن پیٹرول کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گذشتہ سال جنوری کے مقابلہ میں پانچ فیصد کم ہے۔ گذشتہ سال جنوری میں ملک میں 0.65 ملین ٹن پیٹرول کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔

دسمبر کے مقابلہ میں جنوری میں پیٹرول کی فروخت میں ماہانہ بنیادوں پر 8 فیصد کی نمو ہوئی۔ دسمبر میں 0.57 ملین ٹن پیٹرول کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو جنوری میں بڑھ کر 0.61 ملین ٹن ہو گئی۔